۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین اور سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام خمینی (رح) کی برسی کے موقع پر ان کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام خمینی (رح) کا اسرائیل کے ناجائز وجود کے خلاف عملی کردار قابلِ تقلید اور مشعل راہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے رہبرِ کبیر حضرت روح اللہ الموسوی الخمینی رضوان اللہ تعالٰی علیہ کی 35ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ جیسی تاریخ ساز اور نابغہ روزگار شخصیت کو خراج عقیدت و سلام پیش کرتا ہوں۔ آپ دین خدا کے عظیم محافظ، اسلامی اصولوں اور اقدار کے حقیقی نگہبان تھے، آسمان اجتہاد پر پرواز کرنے والے عظیم فقیہ و مرجع عالم، فلسفے کے استاد توانا، عرفان کے محقق ژرف اور اخلاق اسلامی کے معلم بے نظیر تھے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی برسی کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ عملی سیرو سلوک کے اسرار و رموز سے آشنا، دور اندیش، دنیا سے بیزار اور مقدس مآب عبادت گزاروں سے بیزار تھے، اس مرد قلندر نے سیاست علوی کو عملاً رائج کیا اور معاشرے کی اصلاح و احیاء دین کا فریضہ انجام دیتے ہوئے تاریخ انسانی کا دھارا بدل دیا، آپ کی عظیم الشان تحریک اسلامی پر گامزن ہو کر کئی جانثاروں نے حق کے لیے جانیں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیل کے ناجائز وجود کے خلاف آپ کا عملی کردار قابلِ تقلید اور مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ ایسی بابصیرت اور حکیمانہ شخصیت کے مالک تھے، جنہوں نے دوستی کے لبادے میں چھپے ہوئے اسلام دشمنوں کے چہروں کو سب کے سامنے بے نقاب کیا۔ آپ ایک اعلیٰ پائے کے مدبر، فقیہ اور تعمیری سیاست کے بانی، عالمی استعماری سازشوں کو بے نقاب کرنے والے، مسلمانوں کو اپنے نظریات اور عمل کے ذریعے وحدت کی لڑی میں پرونے والی عظیم شخصیت تھے۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ نے ہمیشہ عالم اسلام کو حقیقی مسائل کی جانب متوجہ کیا۔ آپ امت مسلمہ کو اس کے داخلی اور خارجی دشمنوں کے چہرے شناخت کرانے والے اور دنیا کو اسلام کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر میدان میں ارتقاء کے مراحل طے کرنے کی بے مثال رہنمائی کرنے والے عظیم انسان تھے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .