۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
متولی حرم امام رضا

حوزہ/ عراقی معروف عالم دین آیت اللہ صدر نے حرم امام رضا علیہ السّلام کے مختلف شعبوں میں انجام دیئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حرم امام رضا (ع) کے علمی و ثقافتی کارنامے عالم اسلام کے لئے باعثِ فخر ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق؛ عراقی نامور عالم دین آیت اللہ سید حسین صدر نے بغداد میں حرم امام رضا (ع) کے متولی سے ملاقات کی اور شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔

انہوں نے حرم امام رضا(ع) میں دیئے جانے والے ثقافتی اور تعمیراتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حرم امام رضا (ع) میں بہت اچھے اقدامات انجام دیئے گئے ہیں، جن کی وجہ سے یہ نورانی بارگاہ دنیا والوں کے لئے عالم اسلام کا خوبصورت چہرہ پیش کر رہی ہے۔

عراق کے ممتاز عالم دین نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ حرم امام رضا علیہ السّلام کی پیشرفت مختلف شعبوں میں جاری ہے کہا کہ آستانہ قدس رضوی نے اپنی وسیع اور متنوع سرگرمیوں سے اسلام کی مختلف جہات منجملہ علمی، اخلاقی، تربیتی اور روحانی و معنوی پہلوؤں کو اجاگر کیا اور اہلبیت (ع) کا مشن و مقصد بھی یہی ہے۔

انہوں نے حجت الاسلام والمسلمین مروی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے مقام و منصب اور آپ کے علمی و اخلاقی کردار کو بہت زیادہ احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور آپ کو ان ممتاز اور نامور علماء میں سے سمجھتا ہوں جو اہل علم و عمل ہیں۔

آیت اللہ صدر نے کہا کہ ایسی نسل کو پروان چڑھانا اور ایسے نوجوان بچوں اور بچیوں کی تربیت کرنا جو دینی علم رکھنے کے ساتھ علمی و سائنسی شعبوں میں بھی قابلیت رکھتے ہوں بہت زیادہ قابل اہمیت ہے اور آج عالم اسلام کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ متقی ،پرہیزگار اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کی تربیت اور ایک طاقتور اور اسلامی معاشرے کی تعمیر و ترقی انبیائے کرام، آئمہ معصومین(ع) اور یقیناً حضرت امام خمینی(رہ) اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کا مشن و مقصد ہے، نیز آپ نے بھی ایسی نسل کی تربیت کے لئے آستانہ قدس رضوی میں اہم اقدامات انجام دیئے ہیں۔

عراق کے معروف عالم دین آیت اللہ صدر نے کہا کہ میں دور سے آستان قدس رضوی کی سرگرمیوں اور اقدامات کا جائزہ لیتا رہتا ہوں اور اس نورانی و ملکوتی بارگاہ کے متولی سے متعلق جو خبریں موصول ہوتی ہیں میرے دل میں ان کی نسبت عزت و احترام بڑھ جاتا ہے۔

اس ملاقات میں حرم امام رضا(ع) سے وابستہ مجموعے آستان قدس رضوی کے متولی اور منتظم اعلیٰ نے بھی اس مقدس آستانہ کے چند ایک اہم اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دین و مذہب اور ثقافت کے میدان میں آستان قدس رضوی کا منشور حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی یہ حدیث مبارک ہے کہ جس میں آپ (ع) نے فرمایا: ’’ إنّ النّاسَ لَو عَلِمُوا مَحاسِنَ کَلامِنا لَاتَّبَعُونا؛اگر لوگ ہمارے کلام اور گفتار کی اچھائیوں کو جان لیں تو یقیناً ہماری پیروی کریں گے‘‘

حجت الاسلام والمسلمین مروی نے کہا کہ ہمارا عقیدہ ہے کہ مقدس مقامات فقط اولیاء اللہ کے مزارات نہیں ہیں بلکہ ان مقدس مقامات پر زندہ اور حاضر و ناظر امام کا وجود مبارک ہے اور جس طرح لوگ آئمہ معصومین(ع) کی ظاہری زندگی میں آپ (ع) سے کسب فیض کیا کرتے تھے اسی طرح ان مقدس مقامات سے بھی روحانی و علمی فیوضات اور برکات حاصل کرتے اور کرسکتے ہيں۔

انہوں نے کہا کہ حرم امام رضا علیہ السّلام جس طرح سے زائرین کی سہولیات و آسائش کے لئے کام کر رہا ہے اسی طرح ایرانی اور غیر ملکی زائرین کی دینی اور مذہبی معلومات اور شناخت کوبڑھانے کے لئے بھی کام کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی ہمیشہ زائرین کی دینی ومذہبی معلومات کو بڑھانے پر توجہ دیتے اور ان مسائل پر تاکید کرتے ہیں۔

حرم امام رضا(ع) کے متولی نے کہا کہ عراق کے بزرگ اور سرکردہ علمائے کرام اور مجتہدین کی جانب سے ایرانی صدر کی شہادت پر اظہار ہمدردی اور تعزیت کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں یہ المناک اور دلسوز واقعہ یقیناً ایک بہت بڑی مشکل کی گھڑی تھی، لیکن ہمیں ان واقعات پر صبر کے ساتھ خدا پر توکل کرتے ہوئے آیت مبارکہ’’ انا للہ وانا الیہ راجعون‘‘ پڑھنی چاہیئے ،البتہ اسلامی انقلاب کی فتح کے بعد سے ایرانی قوم بہت سے دردناک اور عظیم واقعات سے گزری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے آغاز میں منافقین کی ایک دہشتگردانہ کاروائی میں ایران کا صدر اور وزیر اعظم شہید ہوگئے، لیکن ہمیشہ حضرت امام خمینی(رح) اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کی اعلیٰ قیادت اور ان کی گفتار ایرانی قوم کے لئے باعثِ تسکین اور ملکی معاملات کو سنبھالنے میں مددگار رہی ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .