حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام علی زند قزوینی نے قم المقدسہ میں شہید حیدریان اسٹیڈیم میں انجمن خادم الرضا (ع) کی جانب سے منعقد محرم الحرام پہلی شب کی مجلس میں عزاداروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجالس عزا میں شریک ہونے کی اہمیت کی جانب اشارہ کیا اور کہا: محرم کا مہینہ امام حسین علیہ السلام کے فضائل بیان کرنے کا بہترین موقع ہے، ہمیں اس مہینے میں امام حسین علیہ السلام کے ہمراہ ہو جانا چاہئے کیوں کہ امام حسین (ع) کے سوا کوئی راہ نجات نہیں۔
انہوں نے کہا: جیسا کہ خدا کا فرمان ہے کہ يا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَ كُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ ’’اے ایمان والو تقویٰ اختیار کرو اور سچوں کے ساتھ ہو جاؤ‘‘ اس آیت میں وہ سب سے پہلی چیز جو خدا ہم سب مومنوں سے طلب کر رہا ہے وہ ہے تقویٰ ہے۔
حجۃ الاسلام علی زند قزوینی نے تقویٰ کو خوف الہی قرار دیا اور کہا: تقویٰ کا مطلب خوف الہی ہے، یعنی گناہ سے آلودہ ہونے کا خوف اور امام زمانہ علیہ السلام سے تعلق منقطع ہونے کا خوف ، یہ خوف اس لئے ہے کہ کہیں ہمارے اعمال و کردار و رفتار کی وجہ سے حرمت الہی پامال نہ ہو جائے۔
انہوں نے کہا: عشرہ محرم کا آغاز ہو چکا ہے، یا حسین (ع) کی آوزیں بلند ہو گئی ہیں، سید الشہداء علیہ السلام کے سوگ میں سیاہ پرچم نصب کر دئے گئے ہیں، اگر اس زمانے میں کہ جسے امام جعفر صادق علیہ السلام نے ’’آخر الزمان‘‘ قرار دیا ہے، امام حسین علیہ السلام کے علاوہ کوئی اور راہ نجات دکھ جائے تو ہمیں بھی بتائیے گا۔