حوزہ نیوز ایجنسی کے رپورٹر کے ساتھ انٹرویو میں جامعۃ الزہرہ (س) میں علمی کمیٹی کی رکن محترمہ ڈاکٹر زہرہ تاجک نے دہہ ولایت (عشرہ ولایت) کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: ائمہ معصومین علیہم السلام کے نقطہ نظر سے عید غدیر جہانِ امت کی بافضیلت ترین عید ہے۔
انہوں نے کہا: حضرت امام رضا علیہ السلام نے اس دن کی عظمت کے بارے میں فرمایا: "خدا کی قسم! اگر لوگوں کو اس دن کی فضیلت کا صحیح اور مکمل ادراک ہوتا تو فرشتے دن میں 10 مرتبہ ان سے مصافحہ کرتے"۔
جامعۃ الزہرہ (س) میں علمی کمیٹی کی رکن نے مزید کہا: حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام بھی اسی تناظر میں فرماتے ہیں: "عید غدیر خدا کی سب سے بڑی عید ہے، خداوند متعال نے کوئی پیغمبر بھی مبعوث نہیں کیا جب تک کہ اس نے اس عید کا اقرار نہ کیا ہو اور اس کی تعظیم نہ کی ہو۔اس عید کا آسمانوں پر نام "عہدِ معہود" ہے اور زمین پر "عہد لئے جانے کا دن اور جمعِ مشہود" ہے"۔
انہوں نے کہا: شیعہ بزرگوں جیسے شیخ صدوق، شیخ مفید اور شیخ طوسی، ان تینوں نے امام صادق علیہ السلام سے ایک سلسلۂ سند کے ساتھ نقل کیا ہے کہ آپ علیہ السلام نے فرمایا: "غدیر کے دن نیک عمل اور عبادت اسّی مہینوں کی عبادت کے برابر ہیں"۔ یہ تمام تاکید اس بات کا ثبوت ہے کہ ایسی عید منانا کس قدر ضروری اور اہمیت رکھتا ہے۔
محترمہ ڈاکٹر زہرہ تاجک نے کہا: اس عظیم دن کے حوالے سے مختلف احادیث میں جو اعمال مذکور ہیں وہ سب اس مقصد کے لیے ہیں کہ ہمیں عید غدیرخم کی غیر معمولی اہمیت اور فضیلت کا ادراک ہوسکے اور اہم بات یہ ہے کہ آرٹ اور میڈیا جیسے امکانات سے استفادہ کرتے ہوئے اس دن کی اہمیت سے لوگوں خصوصاً نوجوان نسل کو روشناس کرائیں۔