۹ تیر ۱۴۰۳ |۲۲ ذیحجهٔ ۱۴۴۵ | Jun 29, 2024
جنتی

حوزہ / ایرانی گارڈین کونسل کے سیکرٹری نے انتخابات کو ملک کی ترقی کا عنصر قرار دیتے ہوئے کہا: انتخابات کی کمپینز میں صدارتی امیدواروں اور ان کے حامیوں سے توقع ہے کہ وہ اپنی کمپین کے دوران ایمانداری اور اخلاقیات کا دامن نہ چھوڑیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی تہران کے مطابق، ایرانی گارڈین کونسل کے سکریٹری آیت اللہ احمد جنتی نے عشرہ امامت و ولایت اور عید قربان و غدیر کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: اس عشرے میں جشن وغیرہ کے ایسے پروگرامز منعقد کئے جائیں جن سے معاشرے کو نظریۂ امامت سے زیادہ سے زیادہ آشنا کرایا جا سکے۔

انہوں نے کہا: امامت کوئی سیاسی اور حکومتی عہدہ نہیں ہے۔ امامت مخلوقات کی طرف خدا کے لطف و فضل کا مظہر ہے اور امام علیہ السلام فیضِ الہی کا واسطہ اور ذریعہ ہیں۔

آیت اللہ جنتی نے کہا: عشرہ امامت و ولایت کو غدیری پیغام کے دنیا تک پہنچانے کا محور بننا چاہیے۔

ایرانی گارڈین کونسل کے سکریٹری نے کہا: ان دنوں میں میڈیا اور علمی محافل میں جن پروگراموں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ان میں سے انتہائی اہم غدیر میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اہم خطبہ کے مختلف پہلوؤں کو بیان کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: خطبہ غدیر کو پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اپنی مبارک زندگی میں سب سے طویل خطبہ قرار دیا جا سکتا ہے اور دوسری طرف سامعین کی کثیر تعداد کے لحاظ سے بھی یہ منفرد اہمیت کا حامل ہے۔

آیت اللہ جنتی نے کہا: خطبۂ غدیر میں غور و خوض سے پتہ چلتا ہے کہ اس خطبہ کے مخاطبین صرف غدیر خم میں موجود افراد ہی نہیں تھے بلکہ یہ تمام تاریخ کے لیے ایک ابدی پیغام ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .