حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام محمد عدیدہ نے امام زین العابدین علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کے دوران امام علیہ السلام کے اخلاقی فضائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: امام سجاد علیہ السلام نے اپنے تقویٰ، صبر و تحمل اور دعا و مناجات کے ذریعہ معارفِ اسلامی کو فروغ دیا اور مکتب تشیع کی حفاظت کی۔
انہوں نے مزید کہا: امام سجاد علیہ السلام نے اپنے زمانے کی محدودیتوں کے باوجود اسلامی معاشرہ پر نمایاں اثر ڈالا۔ امام علیہ السلام تہذیبِ نفس پر تاکید کرتے ہوئے مسلمانوں کے لیے معاشرے کے تمام پہلوؤں میں بے مثال اور بہترین رول ماڈل تھے۔
حجت الاسلام عدیدہ نے کہا: امام زین العابدین علیہ السلام نے زندگی کے مختلف شعبوں میں لوگوں کو اپنی سیرت اور کلام سے گراں قدر تعلیمات دیں۔ آپ علیہ السلام کی تعلیمات نہ صرف ان کی زندگی میں بلکہ پوری تاریخ اسلام میں بہت سے لوگوں کی رہنمائی اور ہدایت کا سبب رہی ہیں۔