حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ ملبورن اور شیعہ علماء کونسل پاکستان شعبہ آسٹریلیا کے رہنما حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے چوتھے باب الحوائج حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے تعزیتی پیغام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: امام زین العابدین علیہ السلام کا تقوی اور عبادت الہی اتنی بلند تھی کہ انہیں "سجاد" کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا: امام سجاد علیہ السلام، حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کے بانی ہیں۔ دور حاضر میں عزاداری امام حسین علیہ السلام اور مجالس عزاء و ماتم و گریہ سنت سجادی (ع) کا ہی تسلسل ہے۔
حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے کہا: حضرت امام سجاد علیہ السلام نے دین مبین اور اسلام کے لیے مشکلات برداشت کر کے ایسے سنہری اصول بتائے جو رہتی دنیا تک ہمارے لیے بہترین رہنمائی اور ہدایت ہیں۔ آج معاشرے کی عوام کو علوم امام سجاد علیہ السلام اور صحیفہ سجادیہ کا پیغام اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا: حضرت امام سجاد علیہ السلام نے واقعہ کربلا کے بعد جس صبر و استقامت اور حوصلہ کے ساتھ کربلا کے پیغام کو پھیلایا ہے اس کی مثال تاریخ اسلام میں نہیں ملتی۔ نوجوان نسل میں ایسے ہی جذبۂ سجادی (ع) کی ضرورت ہے۔
ملبورن کے امام جمعہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہر امام معصوم علیہ السلام کی حیات طیبہ سے ایک ہی پیغام ملتا ہے کہ "ظالم کے خلاف ہر وقت بیدار نظر آؤ اور عادلانہ نظام کے لیے اکٹھے ہو کر جدجہد کی جائے تاکہ دنیا میں عدل انصاف کو بول بالا ہو"۔
آپ کا تبصرہ