حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، آسٹریلیا کے معروف شیعہ عالم دین حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے محرم الحرام کی آمد پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا: امام حسین علیہ السلام کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کے فرامین کے ساتھ اپنے آپ کو جوڑنے رکھنا وقت کی اشد ضرورت ہے تاکہ حق و باطل قوتوں کی پہچان ہو سکے۔
انہوں نے کہا: ہمارے ان مذہبی اجتماع کے ذریعہ دین الہی کی تبلیغ انتہائی بہترین عمل ہے اور یہ مجالس و عزاداریاں واقعہ کربلا کے بعد پیغام کربلا کو دنیا کے کونے کونے تک پہچانے کا بہترین اور موثر ذریعہ ہیں۔
حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے کہا: آج ہماری ان مجالس سے یزیدی قوتیں خوفزدہ ہیں اور وہ شب و روز ایک غلط پروپیگنڈہ کرنے میں استعمار کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: ہمیں معصومین علیہم السلام کے تعلیم کردہ اتحاد و وحدت کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا ہے اور پرچم اسلام و دین الہی کو بلند کر کے پیغام امام حسین علیہ السلام اور فلسفہ کربلا کے پیغام کو عام کرنا ہے۔