۲۹ شهریور ۱۴۰۳ |۱۵ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 19, 2024
پاکستان قومی اسمبلی

حوزہ/ پاکستانی قومی اسمبلی میں اسماعیل ہنیہ کے قتل اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستانی وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اورحماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کی تھی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

رپورٹ کے مطابق قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ "یہ ایوان اسرائیلی مظالم کو مسترد کرتا ہے اور فلسطینی عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ اسرائیلی مظالم کے باعث 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے"۔

قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

قرارداد کے مطابق "اسرائیلی بربریت سے خواتین اور بچے بھی شہید ہوئے۔ تمام پارلیمانی جماعتیں گزشتہ نو ماہ سے فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی جبر و بربریت پر متحد ہو کر غم و غصے کا اظہار کرتی ہیں۔ ایسے واقعات کو فلسطینیوں کے خلاف جاری ظلم و بربریت کو روکنے اور خطے میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی سوچی سمجھی سازش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یہ ایوان فلسطین میں اسرائیل کی طرف سے جاری ریاستی جبر و بربریت کو امت مسلمہ اور دنیا کے لیے ایک المیہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ایوان فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اسماعیل ہنیہ کے خاندان اور فلسطینی عوام کو تعزیت پیش کرتا ہے"۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .