حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کرمان میں مولانا سید شمع محمد رضوی نے پیر غلامان امام حسین کی یاد میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت کی اور سردار سلیمانیؒ کی قبر پر سورہ فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر سید شمع محمد رضوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سردار سلیمانیؒ کی قبر دیکھ کر ان کا دل بھر آیا۔ ایک ایسی شخصیت، جس کے کمالات کا چرچہ ہو، اس کی قبر کو عام لوگوں کی طرح دیکھ کر بہت حیرانی ہوئی۔
اس موقع پر سید شمع محمد رضوی نے کہا کہ کرمان کے اس قبرستان میں ایک عارف بھی مدفون ہیں، جن سے سردار سلیمانیؒ کی عقیدت بہت زیادہ تھی۔ سردار سلیمانیؒ نے اسی عارف کے پہلو میں دفن ہونے کی وصیت کی تھی۔ اس وصیت کی وجہ سے آج اس علاقے میں دعا و نیایش، معنویات کی چہل پہل دیکھی جا سکتی ہے، جو دوسرے صوبوں میں کم دیکھنے کو ملتی ہے۔
پروگرام کے ایک اور اہم حصے میں شہیدان خدمت پر لکھی جانے والی کتاب اور مجموعہ اشعار کی رسم اجرا بھی ہوئی۔ یہ کتاب 45 دن پہلے نشر ہوئی تھی اور اس میں 200 سے زیادہ اشعار شامل ہیں۔ کتاب 192 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں تمام اشعار بطور قطعات پیش کیے گئے ہیں۔ جسمیں شہید خدمت خصوصاً شہید جمہور کے واقعات کو شاعری کی صورت میں پیش کرنا قوم و ملت کے آنسو پوچھنے کے لئے ایک اہم اقدام ہے۔
سید شمع محمد رضوی نے بتایا کہ مجموعہ اشعار کو محض 12 دنوں میں مرتب کرنا اللہ کی خاص مہربانی ہے۔ امید ہے کہ یہ کتاب اشعار کے سلسلے میں اپنی مخصوص شناخت بنا سکے گی۔انہوں نے یہ گزارش کرتے ہوئے کہا کہ شاعرانہ صلاحیتوں کو اشٹیج تک محدود نہ رکھیں بلکہ اردو قصیدہ نگاری اور قطعہ نگاری کے ذریعے دنیا کے پیاسوں کی پیاس بجھائیں۔