۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
آية الله اليعقوبي

حوزہ/ آیت اللہ محمد یعقوبی نے کہا: خواتین عورتوں کے ساتھ ساتھ مردوں کے لیے بھی بہترین رول ماڈل ثابت ہو سکتی ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، عراقی عالم دین آیت اللہ شیخ محمد یعقوبی نے اپنے دفتر نجف اشرف میں مبلغہ خواتین کے ساتھ منعقدہ ایک نشست میں خطاب کرتے ہوئے کہا: خواتین عورتوں کے ساتھ ساتھ مردوں کے لیے بھی بہترین رول ماڈل ثابت ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: خداوند متعال نے بھی مومنوں کے لیے فرعون کی بیوی اور عمران کی بیٹی مریم کی مثال دی ہے اور یہ مثال عمومی ہے اور اس میں مرد اور عورتیں دونوں شامل ہیں۔ (وَضَرَبَ اللَّهُ مَثَلًا لِّلَّذِینَ آمَنُوا امْرَأَتَ فِرْعَوْنَ) (وَمَرْیَمَ ابْنَتَ عِمْرَانَ) (التحریم: ١١-١٢)۔ اوراللہ اہلِ ایمان کے لئے فرعون کی بیوی (آسیہ سلام اللہ علیہا) کی مثال پیش کرتا ہے جبکہ اس نے کہا: اے میرے پروردگار! میرے لئے جنت میں ایک گھر بنا اور مجھے فرعون اور اس کے (کافرانہ) عمل سے نجات دے اور مجھے ظالم قوم سے نجات دے۔ اور (دوسری) مریم(سلام اللہ علیہا) بنت عمران کی مثال بیان کرتا ہے .....۔

آیت اللہ یعقوبی نے ایک اور باعظمت خاتون کا نام ذکر کرتے ہوئے کہا: حضرت ام سلمہ سلام اللہ علیہا جو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زوجہ محترمہ ہیں، جو زمانہ ظہور اسلام میں ہی اسلام کا ایک قلعہ شمار ہوتی تھیں۔

اس عراقی عالم نے مزید کہا: خدا اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر ایمان اور ان کے احکامات کے سامنے سر تسلیم خم کرنا، اعلیٰ اخلاق اور حق پر استقامت اور اس کی راہ میں قربانی اور ظالموں اور فسادیوں، فاسقوں اور دنیا کے متلاشیوں کا مقابلہ کرنا، یہ سب ان کی خصوصیات میں سے ہیں۔

آیت اللہ یعقوبی نے کہا: حضرت ام سلمہ سلام اللہ علیہا کبھی حق سے منحرف نہیں ہوئیں اور نہ ہی کسی قسم کے لالچ و طمع، نفاق، تعصب کو پاس آنے دیا۔ اسی وجہ سے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم حضرت خدیجہ بنت خویلد کے بعد انہیں سب سے زیادہ پسند فرمایا کرتے تھے۔

خواتین عورتوں کے ساتھ مردوں کے لیے بھی بہترین رول ماڈل ثابت ہو سکتی ہیں

تبصرہ ارسال

You are replying to: .