حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام والمسلمین سعید معمار منتظرین نے ایران کے شہر اصفہان میں موجود مسجد رضوی میں حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی ولادت کی مناسبت سےاپنے خطاب میں حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا کے ان کی ماں ہونے کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے کہا: ان کی عظمت کے لئے یہی کافی ہے کہ انہیں دنیا کی باعظمت ترین یعنی خاتون حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی ماں ہونے کا شرف حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا: خداوندِ متعال نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے اس دنیا میں آنے کے لیے خاص اہتمام کیا جس سے بشریت کے درمیان اس خاتون اسلام کی عظمت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نہ صرف عالم بشریت کی خواتین بلکہ قیامت تک تمام مخلوقات میں بے مثال ہیں۔
حجۃ الاسلام معمار منتظرین نے انبیاء اور اولیاءِ خدا کے درمیان حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے بلند و بالا مقام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: (حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی شان میں نازل ہونے والی) قرآن کریم کی سورۂ کوثر کے اجزاء بھی بے مثال ہیں اور قرآن مجید میں صرف ایک بار آئے ہیں۔
اس معلّمِ اخلاق نے کہا: پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا "جو بھی میری بیٹی پر صلوات بھیجے گا خدا پہلے اس کے گناہوں کو بخش دے گا اور پھر بہشت میں جہاں بھی میں ہوں گا اس کو بھی میرے ساتھ ملحق کر دے گا"۔
انہوں نے کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کرۂ زمین میں خواتین کا بہت احترام اور قدر کیا کرتے تھے اور اخلاق انبیاء بھی یہی ہے کہ وہ خواتین کا بہت احترام اور قدر کیا کرتے تھے۔
انہوں نے جشن کی اس تقریب میں مرد حضرات کو خطاب کرتے ہوئے کہا: ہمیں چاہیے کہ اپنے بچوں اور خواتین کا احترام کریں کیونکہ اسلام خواتین کے احترام کا قائل ہے۔
ہمیں اپنی زندگی میں اپنی بیٹیوں اور بیویوں کا احترام کرنا چاہیے اور آج کے دور میں خواتین کے بارے میں انسانی مکاتب اور قرآن کریم کے نظریات میں فرق ایجاد کرنے والوں کے مکر کو سمجھیں اور دشمنانِ اسلام سے چوکس رہیں۔
حجت الاسلام منتظرین نے کہا: پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک حدیث میں فرمایا ہے «اکثر الخیر فی النسا» یعنی "زیادہ خیر و بھلائی خواتین میں ہے" اسی طرح سورہ نساء کی آیت نمبر 19 میں ارشاد خداوندی ہے «وعاشروهن بالمعروف» یعنی "خواتین سے عزت و احترام سے پیش آؤ"۔