۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان: تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کو اسلام کے اصولوں اور قوائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کیلئے ہر پہلو میں آقازادیؑ کی ذات مقدسہ سے روشنی و رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شریکۃ الحسین، عقیلتہ بنی ہاشم حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کے موقع پر تمام محبان اہلبیت اطہار علیہم السلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کو اسلام کے اصولوں اور قوائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کیلئے ہر پہلو میں آقازادیؑ کی ذات مقدسہ سے روشنی و رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔آج کی مغربی ثقافتی یلغار کے مقابل سیرت جناب ثانی زہرا سلام اللہ علیہا خواتین کیلئے مضبوط ڈھال ہے۔

انہوں نے بیٹی،بیوی،ماں اور بہن کے طور پر جن اعلی صفات کا مظاہرہ کیا اس کی مثال ہمیں تاریخ اور اوراق میں کہیں نہیں ملتی۔ سانحہ کربلا کے بعدثانی زہراسلام اللہ علیہا نے ہر چوراہے پر یزیدیت کی اسلام دشمنی آشکار کر کے اس کے دروبام پر لرزہ طاری کیا اور یہ ثابت کیا کہ قادر مطلق پر پختہ یقین رکھنے والے حق گوئی کو فریضہ سمجھتے ہوئے اسے بلاخوف و خطر ادا کرتے ہیں۔انہوں نے بعد کربلا اپنے بھائی امام حسینؑ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے اپنے نانا کے دین کو بچانے کیلئے وہ صعوبتیں برداشت کیں جنہیں ضبط تحریر میں لانا محال ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں زینبی کردار پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔عالمی استکباری قوتیں امت مسلمہ سے ان کی ایمانی قوت چھیننے کے لیے تمام تر وسائل کا بھرپور استعمال کررہی ہیں۔ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے نئی نسل کو دین سے دور کیا جا رہا ہے۔ عورت کا کام اپنے گھرانے کی تربیت کا ہے۔اگر خواتین اسوہ زینبی پر عمل کرتے ہوئے اپنی اولاد کی تربیت کریں تو پورا گھرانہ اسلام کی اصل تصویر پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام کو اگر حقیقی طور پر سمجھنا ہے تو اہلبیت علیہم السلام سے آگہی حاصل کرنا ہو گی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .