۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
14 اگست / یوم آزادی پاکستان

حوزہ / اسلامی جمہوریہ پاکستان کا 77واں جشن آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ستترویں یوم آزادی کے جشن کے موقع پر ہر طرف سبز پرچموں کی بہار ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کا 77واں جشن آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلہ میں قومی پرچم، تحریک پاکستان کے بانیوں کی تصاویر اور بینرز جگہ جگہ آویزاں کئے گئے ہیں۔

پاکستان ٹیلی ویژن، ریڈیو پاکستان اور دیگر ذرائع ابلاغ کی جانب سے دن کی مناسبت سے مختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے، یوم آزادی کے موقع پراخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں پاکستان کے ستترویں یوم آزادی کے جشن کے موقع پر ہر طرف سبز پرچموں کی بہار ہے۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں چراغاں اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

مختلف شہروں میں یوم آزادی کا جشن منانے کے لیے شہری سڑکوں پر نکل آئے، جگہ جگہ جشن آزادی پر ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

مینار پاکستان لاہور پر فائر ورکس دیکھنے کے لیے ہزاروں شہری جمع ہوئے، اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں بھی جشن آزادی منایا جا رہا ہے، پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم بھی ایف نائن پارک پہنچے۔

کراچی میں پورٹ گرینڈ اور گورنر ہاؤس میں آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .