حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج 74ویں جشن آزادی کے موقع پر لال قلعہ سے قومی پرچم لہرانے کے بعد ہندوستانی قوم سے خطاب کیا۔ انہوں نے ملک کی حفاظت میں اپنی جانوں کی قربانی پیش کرنے والے ہندوستان کے سپوتوں کے ساتھ ساتھ آج ملک بھر میں کورونا کے پھیلاو کو روکنے اور اس کا مقابلہ کرنے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کی ۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کا یہ تہوار اس سال ملک میں غیرمعمولی حالات میں منایا جا رہا ہے اور ہندوستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو کورونا وبا کے چیلنج کا سامنا ہے۔ اہل وطن نے اپنےعزم اور قابلیت سے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غلامی کا کوئی دور ایسا نہیں تھا جب ہندوستان کے کسی کونے میں آزادی کی کوشش نہیں کی گئی ہو اور جان کی قربانی پیش نہ کی گئی ہو۔
نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ملک میں آزادی کی خواہش ایسی تھی کہ اس نے دو عالمی جنگوں کے دوران بھی اپنے عزائم کو کمزور نہیں ہونے دیا اور توسیع پسند قوتوں کے منصوبوں کو ناکام بناکر آزادی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ملک ایک بار جو عزم کر لیتا ہے تو وہ اسے پورا کر کے ہی دم لیتا ہے۔