حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، آج پاکستان میں 12 ربیع الاول ہے۔ ملک بھر میں جشن کا سماں ہے چونکہ آج اہلسنت برادران کے نزدیک پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت باسعادت ہے۔ ملک بھر میں درود و سلام کی گونج اور توپوں کی سلامی سے یومِ عیدِ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا آغاز ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے ہر کونے میں فضا معطر ہے اور ملک بھر میں چھوٹی بڑی عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور ہر جانب روشنی اور فضا میں درود و سلام کی صدائیں گونج رہی ہیں۔
آج سب اپنے اپنے انداز میں خاتم النیین، رحمۃ اللعالمین، وجۂ تخلیقِ دو جہاں، پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے مختلف مقامات پر نعتوں کی محافل کا انعقاد بھی جاری ہے اور ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس بھی نکالے جا رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ملک کے بیشتر مقامات پر شیعہ اور اہلسنت کے اتحاد و وحدت کے خوبصورت مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں جہاں کئی مقامات پر اہل تشیع بھی جلوس کی صورت میں عید میلاد النبی (ص) کے جلوسوں کے ساتھ مل رہے ہیں اور سب مل کر پیغمبر گرامی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یوم ولادت انتہائی خوشی اور عقیدت سے منا رہے ہیں۔