حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کے دیگر علاقوں کی طرح شہر جنڈ میں بھی شیعہ سنی وحدت کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو ملا جہاں جامعہ جعفریہ جنڈ کے علماء کرام و طلاب عزیز نے 12 ربیع الاول کے جشن عید میلاد النبی (ص) کے جلوس میں شرکت کی اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت باسعادت مل کر منایا۔
رپورٹ کے مطابق ہر سال 12 ربیع الاول کو پاکستان کے دوسرے شہروں کی طرح جنڈ شہر میں بھی جشن عید میلاد النبی (ص) کے سلسلہ میں جلوس اور ریلیاں نکالی جاتی ہیں اور مختلف راستوں اور بازاروں کو پھولوں اور کلیوں سے سجایا جاتا ہے۔
ایسے میں علاقہ کی معروف دینی درسگاہ جامعہ جعفریہ جنڈ کے علماء کرام اور طلاب عزیز بھی مومنین کرام کے ساتھ مل کر وحدت اسلامی کا عملی ثبوت دیتے ہیں اور ان جلوسوں میں شرکت کرتے ہیں جسے اہلسنت علماء اور عوام کی طرف سے خوب سراہا بھی جاتا ہے۔