حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 12 ربیع الاول کی بابرکت تاریخ کے موقع پر ایران کے مختلف خطوں میں اہل سنت کے ساتھ شیعہ اور مذہبی رہنما بھی جشن عید میلاد النبیؐ میں شرکت کر رہے ہیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے اخلاق حسنہ پر عمل پیرا ہونے کا عزم ظاہر کر رہے ہیں۔
دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح ایران میں بھی عید میلادالنبیؐ اور ہفتہ وحدت پوری شان و شوکت کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور مذہبی رہنما اور مقررین پیغمبر اسلامؐ کے فضائل اور اخوت کے درس پر روشنی ڈال رہے ہیں۔
ایران اور دنیا کے مختلف ممالک میں ہفتہ وحدت کا آغاز جشن عید میلاد النبی کے ساتھ ہوا، ہفتہ وحدت کے موقع پر کانفرنسوں اور سیمینارز میں مقررین مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔
پیغمبر اسلام (ص) کے یوم ولادت کی مناسبت سے ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عید میلاد النبیؐ منائی جارہی ہے۔
پاکستان میں جشن عید میلاد النبی(ص) کا آغاز دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔پاکستانی میڈیا کے مطابق صبح کی نماز کے بعد مساجد میں دنیا بھر کی مسلم کمیونٹی کے اتحاد و یکجہتی اور بھائی چارے کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔
ہندوستان میں بھی یہ تہوار بڑے جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، بنگلہ دیش میں بھی عید میلادالنبیؐ پوری عقیدت و احترام سے منائی گئی۔
سنی برادری کا عقیدہ ہے کہ ہجری قمری کیلنڈر کے تیسرے مہینے ربیع الاول کی 12 تاریخ کو پیغمبر اسلامؐ کا یوم پیدائش ہے، وہیں شیعہ عقیدہ کے مطابق پیغمبر اسلامؐ اس مہینے کی 17 تاریخ کو پیدا ہوئے، ایران میں امام خمینیؒ کے اقدام پر 12 سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منایا جاتا ہے۔
اسلام کے دشمن مسلمانوں کے درمیان تفرقہ کے بیج بونے کی کوشش کر رہے ہیں اور عالمی سامراج مذہبی جذبات مجروح کرکے اور علاقائی ممالک میں جنگ کی آگ بھڑکا کر صیہونی حکومت کی سلامتی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہو سکے، ایسی صورت میں دین اسلام کے دانشوروں اور مذہبی رہنماؤں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد پیدا کریں تاکہ دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے اور امام خمینیؒ کی طرف سے اعلان کردہ ہفتہ وحدت اس موقع سے بھر پور فائدہ اٹھانے کا بہترین ذریعہ ہے۔