حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بیگم گورنر پنجاب عائشہ بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ نبی کریم کی آمد سے ہی خواتین کو عزت سے جینے کا حق ملا۔ آپؐ کی تشریف آوری سے کفر کے بادل چھٹ گئے اور کائنات روشن ہوئی۔ ربیع الاول کا بابرکت مہینہ رحمت و برکتوں کے نزو ل کا مہینہ ہے۔ ولادت مصطفی ایک مومن کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی اور عظیم ترین نعمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم سراجیہ نعیمیہ میں 38سالانہ قومی میلاد النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ناظمہ دارالعلوم سراجیہ نعیمیہ وسابق رکن پنجاب اسمبلی نبیرہ عندلیب نعیمی سمیت دیگر خواتین رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ محفل میلاد میں مختلف دینی مدارس کی معلمات، طالبات، مذہبی و سیاسی تنظیمات کی خواتین رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔
بیگم گورنر پنجاب عائشہ بلیغ الرحمان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنّتیں کمال اور سیرت النبی ﷺ واقعاً عظیم اور مثال آفرین ہے۔ آپ ؐ خواتین کیساتھ بہت مہربانی، احترام اور شفقت کا برتاو کرتے تھے۔ آپ ؐ نے خواتین کو اہمیت اور عزت دی، ان کی تربیت کی، انہیں آبرو دی، اور ان کو معاشرتی، سماجی اور سیاسی سطحوں پر شریک کیا۔ اگر اسلام عورتوں کو حقوق نہ دیتا تو اسلامی تاریخ میں کوئی صحابیہ، کوئی عالمہ، کوئی محدثہ اور کوئی مفسرہ پیدا نہ ہوتی درحقیقت اسلام نے عورت کو اعتدال کے دائرہ میں رہتے ہوئے آزادی دی، مقام دیا اور حقوق دئیے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمیں صبر، محبت، عدل، امانتداری اور ہمت کی اہمیت سکھاتی ہے۔
خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے نبیرہ عندلیب نعیمی نے کہا کہ اسلام ہمارے دین ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہمارے معلم ہیں اور اسوہ رسول ہمارے لئے مینارہ ہے جو ہمیں راستے پر چلنے میں راہنمائی کرتا ہے۔ آپ ؐنے علم و حکمت کی روشنی، صداقت اور اخلاقیت کا درس دیا، یہ محفل ہمیں اپنے پیارے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان و شوکت کو یاد دلاتی ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے رحمت بنا کر بھیجا تھا تاکہ وہ انسانیت کو نیک طریقے کا رستہ دکھا سکیں۔ آپؐ کی زندگی میں ہم نے حکمت، عدل و انصاف، محبت، احسان، علم و فضائل کے مناظر دیکھے۔
نبی کریم ؐ سے محبت کاتقاضا ہے کہ ہماری زندگیاں شریعت مطاہرہ کے مطابق بسر ہونی چاہئیں۔ اس موقع بیگم گورنر پنجاب عائشہ بلیغ الرحمان نے شعبہ حفظ القرآن، تجوید قرآت کی طالبات میں اسناد بھی تقسیم کیں اور آخر میں نبیرہ عندلیب نعیمی نے ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی۔