حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین حبیب اللہ یوسفی نے کاشان میں حوزہ نیوز ایجنسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تمام عزاداران سید الشہدا (علیہ السلام)کی خدمت میں اربعین حسینی کے موقع پر تعزیت و تسلیت پیش کی اور کہا: اربعین واک کا ایک عظیم کارنامہ یہ ہے کہ اس سے لوگوں میں عفو و درگزر اور قربانی کے جذبے کو تقویت ملی ہے، جو کہ دین اسلام اور انسانیت کی ایک اہم تعلیم ہے۔
استاد حوزہ علمیہ نے مزید کہا: خود غرضی سے اجتناب، دوستی، بھائی چارہ اور مساوات اور بہت سے اسلامی آداب و اخلاق اربعین کی اس عظیم الشان تقریب میں دیکھنے کو ملتے ہیں، اگر یہ اخلاق اور رسمیں ہماری انسانی زندگیوں میں اسی طرح جاری و ساری رہیں تو معاشرے میں بہت ہی خوبصورت ماحول پیدا ہو جائے گا۔
اس وقت بہت سے افراد ایسے ہیں جو کہ مختلف ادیان و مذاہب کے پیروکار ہیں، یا بعض ایسے افراد جو کسی بھی دین و مذہب کو نہیں مانتے، وہ بھی اربعین واک کی جانب کھنچتے چلے آرہے ہیں، چوں کہ واقعہ کربلا میں امام حسین علیہ السلام کی تحریک خالص عقلی اور انسانی تھی۔
حجۃ الاسلام یوسفی نے کہا: امام حسین (ع) کی محبت لوگوں کے دلوں میں گھر کر گئی ہے، اور یہ عشق اس معرفت کا نتیجہ ہے جو لوگوں کو اس امامؑ اور واقعہ عاشورا سے ملی ہے، لہذا ضروری ہے کہ روز بروز اپنی اس معرفت میں اضافہ کیا جائے۔