حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفتر رہبرِ انقلابِ اسلامی کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محمد محمدی گلپائیگانی نے مشہد مقدس میں خطیب اخلاق و انقلاب حجت الاسلام راشد یزدی کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجت الاسلام راشد، شہنشاہی مظالم کے خلاف جدوجہد کے جرم میں ایرانشہر جلاوطن ہوئے، ان کی انقلاب کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے فلسطین اور غزہ کے مسئلے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین میں دشمن کا پروپیگنڈہ ایسا ہے کہ اس قدر قتل عام کے باوجود، حقوق بشر کی بات تک نہیں ہوتی۔
حجت الاسلام محمدی نے غاصب اسرائیل کے غیر انسانی جرائم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیلی وزیر اعظم اپنے مذہبی عقائد کے مطابق انسان کا قتل کرتا ہے اور غلط مذہبی تعلیمات کی بنیاد پر یہودیوں کے علاؤہ کسی کو انسان نہیں سمجھتا۔
دفترِ رہبرِ انقلابِ اسلامی کے سربراہ نے مسلمانوں کی خیانت کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ کیا مسلمانوں کے لیے یہ ننگ و عار نہیں؟ ایک اسلامی ملک کی پٹرولیم مصنوعات غاصب اسرائیل جائیں اور غاصب صیہونی حکومت کے جہاز کی ضروریات اسلامی ممالک کے توسط سے پوری ہوں؟ جبکہ غزہ اور لبنان کو تباہ کیا جا رہا ہے۔
حجت الاسلام محمدی نے مزید کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کے فرمان کے مطابق: اگر ہر مسلمان ایک بالٹی پانی غاصب اسرائیل پر گرائے تو اسرائیل صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔
انہوں نے ایرانی قوم کی جانب سے غزہ و لبنان کے مظلوموں کے لیے امدادی مہم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی امام سید علی حسینی خامنہ ای مدظلہ نے بھی فرمایا ہے: جو بھی غزہ اور لبنان کی تھوڑی سی خدمت کرسکتا ہے اس پر واجب ہے وہ غزہ اور لبنان کی مدد کرے۔