حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، کمانڈر انچیف کے نظریاتی اور سیاسی دفتر کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین علی سعیدی نے ہفتۂ بسیج کے موقع پر تہنیتی پیغام جاری کیا ہے۔ اس پیغام کا متن درج ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
اگر کسی ملک میں بسیجی فکر کی دلنشین صدا گونجے تو دشمنوں اور سامراجی طاقتوں کی نگاہِ طمع اس سے دور ہو جائے گی۔" (امام خمینیؒ)۔
ہفتۂ بسیج ہمیں ان مردانِ مخلص کی قربانیوں اور جرأتوں کی یاد دلاتا ہے، جو نظامِ مقدسِ جمہوری اسلامی ایران کے مختلف میدانوں میں بروقت حاضر ہو کر انقلاب کے شہداء کے اصول، آرزوؤں اور کامیابیوں کا دفاع کرتے رہے۔
رہبر کبیرِ انقلابِ اسلامی حضرت امام خمینی رضوان اللہ تعالی علیہ نے 5 آذر 1358 شمسی (26 نومبر 1979ء) کو بسیج کی تشکیل کے ذریعہ اتحاد و یکجہتی اور ملتِ مسلمہ کی قوت کو کفریہ محاذ کے مقابلے میں مضبوط بنانے کی ایک شاندار اور دائمی بنیاد فراہم کی۔ حقیقت یہ ہے کہ بسیج اور بسیجی قوت کی پاکیزہ سوچ، اخلاصِ نیت، اور ذمہ داری کے احساس نے اسلامی اقدار کی حفاظت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
بسیجیوں کی مختلف میدانوں میں موجودگی اور بسیجی ثقافت سے استفادہ، آج تمام مسائل کے حل کی کنجی ہے۔ یہی نمونہ مقاومتی محاذ اور اسلامی ممالک کے لیے حق و باطل کی جنگ میں کامیابی کی ضمانت بنتا رہا ہے۔
میں اس بابرکت موقع پر اس شجرۂ طیبہ کے عظیم شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ہفتۂ بسیج کو رہبر معظم انقلاب اسلامی، حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہای مد ظلہ العالی، شہداء کے خاندانوں اور تمام مخلص و بہادر بسیجیوں کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ خداوند متعال سے دعاگو ہوں کہ امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجه الشریف کی خاص عنایات کے سائے میں بسیجیوں کو مزید کامیابی اور سربلندی عطا فرمائے۔
علی سعیدی
کمانڈر انچیف کے نظریاتی اور سیاسی دفتر کے سربراہ