حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قابض صہیونی فوج کی فضائیہ نے شام میں 150 سے زائد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ حملے شام کی فوج کو کمزور کرنے کی کوششوں کا حصہ تھے۔ اسرائیلی فوجی ریڈیو کے رپورٹر کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں شامی فوج کے ٹینک، جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر تباہ کیے گئے۔
اسرائیلی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملے 1973 کی جنگِ اکتوبر کے بعد شام پر کیے جانے والے سب سے شدید حملے تھے۔
شامی مخالفین کی ایک تنظیم کے مطابق، ان حملوں میں دمشق کے السومریہ علاقے کے فوجی گوداموں، لاذقیہ کے مضافاتی علاقوں کورنیش، المشیرفہ، اور راس شمرا کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیل نے شامی فضائیہ کے جنگی طیاروں کے اسکواڈرن، ریڈار سسٹمز اور اسلحہ گوداموں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
المیادین نیوز کے رپورٹر نے بتایا کہ پیر کی شب اسرائیلی فوج نے لاذقیہ بندرگاہ، دمشق کے قریب برزہ کا علاقہ، عقربہ کے ہیلی کاپٹر اڈے، اور شمال مشرقی شام میں قامشلی ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا۔