حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ شہر رودان حجت الاسلام بارانی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ بشریت کو جناب زہراء مرضیہ سلام اللہ علیہا سے بہتر نمونہ عمل نہیں مل سکتا، خصوصاً اسلامی معاشرہ کو چاہیے کہ ان کی زندگی سے ہدایت لے اور خشنودیِ خدا حاصل کرے۔
انہوں نے سال کی سب سے طویل رات "شب یلدا" کو صلہ رحمی کا بہترین موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ روایت ایرانی ثقافت کا اہم حصہ ہے، جسے اسلام نے بھی سراہا اور فروغ دیا ہے۔ لیکن جدید طرز زندگی کے باعث اس روایت سے دوری پیدا ہو رہی ہے، اور شب یلدا اس کمی کو پورا کرنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔
حجت الاسلام بارانی نے حضرت صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کی مناسبت سے ان کی شخصیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ماں کا مقام اسلامی ثقافت میں بلند ترین درجہ رکھتا ہے۔ قرآن و احادیث میں ماں کے احترام کو اعلیٰ ترین مقام دیا گیا ہے۔
علاقائی مسائل پر بات کرتے ہوئے، انہوں نے رہبر انقلاب کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شام اور خطے کی صورتحال میں عوام کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ شام پر قبضہ حزب اللہ کو کمزور کر دے گا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ عوام کی حمایت سے مقاومت کو مزید تقویت ملتی ہے۔
امام جمعہ رودان نے عراق اور یمن کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک میں عوامی حمایت ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے، جو شام کے تجربے سے مختلف ہے۔ انہوں نے صیہونی حکومت کی سب سے بڑی کمزوری "عوام کی عدم موجودگی" کو قرار دیا، کیونکہ یہ حکومت مختلف ممالک سے لائے گئے افراد پر مشتمل ہے جو کبھی بھی ایک متحد عوامی کردار ادا نہیں کر سکتے۔
انہوں نے فلسطین میں حالیہ جنگ کے دوران صیہونیوں کی نقل مکانی اور ان کی کمزوری کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آخری کامیابی ان ہی کے حصے میں آئے گی جنہیں عوام کی حمایت حاصل ہوگی، اور وہ محاذ مقاومت ہے۔
آپ کا تبصرہ