حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل و لداخ کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ صادق رجائی نے مؤسسہ امام خمینیؒ شعبہ قم کے اراکین سے ملاقات کی۔ یہ نشست عید مبعث کی مناسبت اور علمی و فکری تبادلہ خیال کے لئے منعقد کی گئی، جس میں علمائے کرام، اساتید اور طلاب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
نشست کا آغاز قاری شیخ گلزار بشارتی کی تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض شیخ عباس رجائی نے انجام دئے۔ اس موقع پر جناب شیخ عسکری شاکری نے نعتیہ کلام پیش کئے اور شیخ مہدی مہدوی نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا، جس میں انہوں نے صدر مؤسسہ کرگل و لداخ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس نشست کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
نشست سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ صادق رجائی نے مبلغین کی سماجی اور فکری ذمہ داریوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اپنے علمی معیار کو ہر پہلو سے مضبوط بنانا ہوگا، کیونکہ آج کے دور میں محض دینداری کافی نہیں بلکہ دین شناسی بھی ضروری ہے۔
انہوں نے اس بات کی تاکید کی کہ: "ہمارے معاشرے میں دیندار افراد کی کمی نہیں، لیکن ہمیں دین شناس افراد کی اشد ضرورت ہے۔ دینداری فرد کے ذاتی اعمال (نمازِ شب، روزہ وغیرہ) سے متعلق ہے، جبکہ دین شناسی سماجی و اجتماعی امور کا تقاضا کرتی ہے۔ ہمیں ایسے علماء کی ضرورت ہیں جو دین کا گہرا ادراک رکھتے ہوں اور اس کی روشنی میں معاشرتی چیلنجز کا سامنا کرسکیں۔"
صدر مؤسسہ کرگل و لداخ نے اسلامی انقلاب کی عظمت اور اس کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: "ہم تاریخ کے ایک اہم موڑ پر کھڑے ہیں، جہاں ذرا سی لغزش ہمیں کسی طوفان میں دھکیل سکتی ہے۔ ہمیں اپنی علمی، فکری اور نظریاتی استقامت کو مضبوط کرنا ہوگا۔ آج اسلامی انقلاب پوری انسانیت کے لیے امید کی ایک نئی کرن ہے، یہی وجہ ہے کہ دشمنانِ اسلام دن رات اس کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ مگر الحمدللہ! یہ نظامِ اسلامی شہداء کی قربانیوں، بابصیرت قوم اور رہبر معظم کی حکمتِ عملی کی بدولت قائم و دائم ہے۔"
آپ کا تبصرہ