منگل 18 فروری 2025 - 19:02
ضلع کرم، پاراچنار میں امدادی سامان لے کر جانے والے قافلے پر ایک بار پھر حملہ / کئی گاڑیاں لوٹ لی گئیں

حوزہ / پاکستان کے علاقہ ضلع کرم، پاراچنار میں امدادی سامان لے کر جانے والے قافلے پر ایک بار پھر حملہ ہوا ہے، جس میں شدید فائرنگ کرتے ہوئے امدادی گاڑیوں میں لوٹ مار کی گئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان کے علاقہ ضلع کرم، پاراچنار میں ضلعی انتظامیہ کے مطابق ٹل سے 130 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ روانہ ہوا، جس میں 5 آئل ٹینکرز بھی موجود تھے۔ جس پر لوئر کرم کے علاقہ میں ایک بار پھر حملہ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق لوئر کرم کے چارخیل کے مقام پر قافلے پر فائرنگ کی گئی، اُدھر کرم میں بنکرز کی مسماری کا عمل بھی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق اب تک 183 بنکرز گرا دیے گئے ہیں۔ امن معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کرم چارخیل میں قافلے پر حملے کی اطلاع پر فورسز کو بھیج دیا گیا ہے۔

دوسری جانب لوئر کرم میں اوچت و ڈاڈ قمر میں بھی قافلے پر فائرنگ کی گئی ہے۔ انتظامیہ کا صورت حال سے متعلق کہنا ہے کہ کرم قافلے پر فائرنگ میں زخمی ڈرائیور اکرم خان کو علی زئی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جس کا تعلق پشاور سے بتایا جاتا ہے۔ زخمی ڈرائیور نے بتایا کہ میرے میڈیسن سے بھرے ٹرک کو چارخیل کے علاقے میں لوٹ لیا گیا۔ پولیس نے گاڑی علاقے میں چھوڑنے کا کہہ کر اسپتال روانہ کردیا اور اس کے بعد مسلح افراد نے گاڑی لوٹنا شروع کردی۔ ڈرائیور نے بتایا کہ فائرنگ سے گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا اور میں زخمی بھی ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha