منگل 4 مارچ 2025 - 16:19
جوانوں کی سب سے بڑی ذمہ داری اپنے آپ کو دور حاضر کے علوم و فنون سے آراستہ کرنا ہے

حوزہ / وحدت یوتھ پاکستان کی جانب سے ملک بھر کے نوجوانوں کو مفت گرافک ڈیزائننگ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ سکھانے کے لیے ایک ماہ کا کورس منعقد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، وحدت یوتھ پاکستان کے زیرِ اہتمام نوجوانوں کو باہنر اور بااختیار بنانے کے لیے ایک ماہ کا گرافک ڈیزائننگ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کورس کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اختتامی تقریب اور تقسیم اسناد پروگرام بھی منعقد ہوا۔

چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا : ملک و ملت کی ترقی کے لیے نوجوانوں کو اپنی ذمہ داریوں کا تعین کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا: ایک جوان کی انفرادی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ اجتماعی ذمہ داریاں بھی نہایت اہم ہیں اور اس وقت قوم کے جوانوں کے لیے سب سے بڑی ذمہ داری اپنے آپ کو دور حاضر کے علوم و فنون سے آراستہ کرنا ہے، اس کے ساتھ ساتھ نوجوان معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور دوستی کا پیغام عام کریں تاکہ حقیقی اتحاد و وحدت کی فضاء قائم ہو سکے۔

قابل ذکر ہے کہ وحدت یوتھ پاکستان کی جانب سے ملک بھر کے نوجوانوں کو مفت گرافک ڈیزائننگ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ سکھانے کے لیے ایک ماہ کا کورس منعقد کیا گیا، جس میں 70 سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کروائی جبکہ 30 طلبہ کو داخلہ دیا گیا۔ کورس کے دوران طلبہ کو نہ صرف گرافک ڈیزائننگ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی تربیت دی گئی بلکہ تلاوتِ قرآن پاک بمعہ تجوید، فقہی احکامِ عملی اور عقائد بارے دروس بھی دیئے گئے، اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو تفریحی اور مطالعاتی سرگرمیوں کے تحت اسلام آباد کے مختلف تاریخی و تفریحی مقامات کی سیر بھی کرائی گئی، کورس میں شریک نوجوانوں کے لیے موسم سرما میں مری کا خصوصی ٹور بھی رکھا گیا، جہاں انہوں نے قدرتی حسن سے بھرپور برف باری اور ٹھنڈے موسم کا لطف اٹھایا۔ کورس کی تکمیل پر امتحانات لیے گئے اور بعد ازاں تقسیم اسناد و الوداعی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماؤں سمیت اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha