بدھ 5 مارچ 2025 - 16:24
پاکستان میں پائیدار امن و سلامتی کے لیے پوری قوم کو کردار ادا کرنا ہوگا، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان کے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردانہ واقعات کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پائیدار امن و سلامتی کے لیے پوری قوم کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ‏چیئرمین مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں دہشتگردی کی اچانک بڑھتی ہوئی لہر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکوڑہ خٹک میں ہونے والے خودکش حملے کے بعد آج بنوں میں دہشتگردوں نے بیس سے زائد معصوم شہریوں کو شہید کر کے بربریت کی انتہاء کر دی ہے، یہ افسوسناک واقعات ہر پاکستانی کے دل کو غمزدہ کر رہے ہیں اور لمحۂ فکریہ ہیں، انہی انتہاء پسند خارجی دہشتگردوں نے ضلع کرم کے مظلوم عوام کو بھی کئی مہینوں سے محصور رکھا ہوا ہے اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے بظاہر ان کے سامنے بے بس نظر آ رہے ہیں، ماہِ صیام کے مقدس مہینے میں ضلع کرم میں محصور اور قیدیوں کی طرح زندگی گزارنے والے ہمارے مسلمان بھائیوں سے اپیل ہے کہ دشمن کی سازشوں کو سمجھیں اور کسی بھی صورت میں آپس کے اتحاد و وحدت کو نقصان پہنچانے والوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہ ہونے دیں، ہمیں اپنی صفوں میں اتفاق، بھائی چارے اور صبر و استقامت کو برقرار رکھنا ہوگا تاکہ دشمن کی ہر چال کو ناکام بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ‏دہشتگردی کے یہ بزدلانہ حملے نہ صرف ملک کے امن و استحکام پر ضرب ہیں، بلکہ معصوم جانوں کے ضیاع کا باعث بھی بن رہے ہیں، حکومت اور سیکیورٹی اداروں کو فوری طور پر دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر اور سخت کارروائی کرنی چاہیے، تاکہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔

سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ‏ہم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی نصیب کرے، پوری قوم کو متحد ہو کر اس عفریت کا مقابلہ کرنا ہو گا، تاکہ پاکستان میں پائیدار امن قائم ہو سکے اور ملکی ترقی واستحکام کا حقیقی سفر پایہ تکمیل کو پہنچ سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha