اتوار 2 مارچ 2025 - 07:00
جبری لاپتہ شیعہ علماء کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے، علامہ شیخ حسن جعفری

حوزہ/ امام جمعہ اسکردو نے کہا کہ جبری گمشدہ علمائے کرام کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے، جھوٹے دعووں اور وعدوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امام جمعہ اسکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جبری گمشدہ علمائے کرام کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے، جھوٹے دعووں اور وعدوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس اور تشویش کا مقام ہے کہ بلتستان کے جید علمائے کرام کی جبری گمشدگی کے حوالے سے پہلے تو رہائی کا وعدہ کیا گیا، پھر خبر بھی پھیلائی گئی کہ انہیں رہا کر دیا گیا ہے، مگر حقیقت اس کے برعکس نکلی۔ یہ طرزِ عمل ناصرف ظلم اور ناانصافی کی انتہا ہے بلکہ عوام کے جذبات کے ساتھ سنگین مذاق بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام کسی بھی معاشرے میں اصلاح، عدل، اور اتحاد کی علامت ہوتے ہیں، ان کی جبری گمشدگی اور پھر جھوٹے وعدوں کے ذریعے عوام کو دھوکہ دینا ناقابلِ برداشت ہے۔ ہم ایک بار پھر حکام بالا سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ علمائے کرام کی بلا مشروط رہائی کو یقینی بنائیں اور ایسے ہتھکنڈوں سے گریز کریں جو عوام کے اعتماد کو مزید متزلزل کرے۔

علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ ہم یہ بھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر اس معاملے کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا اور علمائے کرام کو رہا نہ کیا گیا تو عوام میں پھیلنے والے اضطراب اور بے چینی کی تمام تر ذمہ داری ریاستی اداروں پر عائد ہو گی۔ ہمارا مطالبہ واضح اور دوٹوک ہے کہ جبری طور پر لاپتہ کیے گئے علمائے کرام کو فی الفور بازیاب کرایا جائے اور مستقبل میں ایسے غیر آئینی اور غیر انسانی اقدامات سے گریز کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بلتستان کے عوام، علمائے کرام، نوجوانان، اور تمام سرکردگان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ صبر، استقامت، اور اتحاد کے ساتھ اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں اور کسی بھی قسم کے دباؤ یا افواہوں کا شکار نہ ہوں۔

لیبلز