تحریر: مولانا سید ظفر عباس رضوی قم
حوزہ نیوز ایجنسی| خداوند عالم کا اس بات کے لئے جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے کہ اس نے ہمیں اس سال کے ماہ مبارک رمضان تک زندہ رکھا اور ایک مرتبہ پھر ہمیں یہ توفیق عطا فرمائی کہ ہم اس مبارک اور عظیم مہینہ کو درک کر سکیں اور اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں،اس لئے کہ ماہ مبارک رمضان تک زندہ رہنا اور اسے پا لینا، درک کر لینا، خود یہی بہت بڑی توفیق اور خدا کا بے انتہا لطف و کرم ہے چونکہ اس مبارک مہینہ میں سانسیں تسبیح کا ثواب رکھتی ہیں یعنی اگر کوئی اس مبارک مہینہ میں زندہ ہے تو یہ خود بہت بڑا شرف ہے، تو اب اس سے بڑھ کے اور بھی کیا خدا کا لطف و کرم ہو سکتا ہے کہ اس نے ہمیں اس مبارک مہینہ تک زندہ رکھا، ماہ مبارک رمضان سے متعلق جو دعائیں مفاتیح وغیرہ میں ذکر ہوئی ہیں ان میں ہم اللہ سے بہت سی چیزوں کو مانگتے ہیں اس سے سوال کرتے ہیں مثال کے طور پہ روزہ رکھنے، عبادت و بندگی کو انجام دینے، زیادہ سے زیادہ قرآن کی تلاوت، امن و سلامتی، صحت و تندرستی، رزق کی وسعت، فہم و بصیرت، کمال عقل، علم و فہم دین، طول عمر، گناہوں کی بخشش، جنت میں جانے، موت کے وقت آسانی، حساب و کتاب میں معافی، عاقبت بخیری، خضوع و خشوع، اخلاص، وفا، شہادت، عزت و کرامت، یقین و معرفت، حسن ظن، حلال و پاکیزہ رزق، ایمان و تصدیق، اور بھی متعدد اور بے شمار چیزوں کو اللہ سے طلب کرتے ہیں، اور اسی طرح بہت سی چیزوں سے اللہ سے پناہ بھی مانگتے ہیں اور خدا سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہم کو ان چیزوں سے دور رکھے جیسے گناہ اور برے کاموں سے، شیطان کے وسوسوں اور اس کے فریب سے، سستی و کاہلی، غفلت، بزدلی، ذلت، نفاق، ریاء، دکھاوا، شک، بخل و کنجوسی، قساوت قلب، فقر و فاقہ، آزمائش و بلاء، خیانت، اور بھی بہت سی چیزوں سے اللہ سے پناہ مانگتے ہیں کہ خدا ان چیزوں کو ہم سے دور رکھے اور ہم بھی ان سے دور اور محفوظ رہیں، اسی طرح ماہ مبارک رمضان کی دعاؤں میں جو ایک بہت ہی خاص اور اہم دعا ایک بہت ہی اہم اور عظیم چیز کی توفیق کے لئے کثرت اور تکرار کے ساتھ کی گئی ہے وہ"حج اور اللہ کے گھر کی زیارت کی دعا ہے"
جو ماہ مبارک کی کئی الگ الگ دعاؤں میں خدا سے اس طرح سے طلب کی گئی ہے: "اللَّهُمَّ ارْزُقْنِي حَجَّ بَيْتِكَ الْحَرَامِ فِي عَامِي هَذَا وَ فِي كُلِّ عَامٍ مَا أَبْقَيْتَنِي"(مفاتیح الجنان)"میرے اللہ مجھے اس سال اور ہر سال حج کرنے کی توفیق عنایت فرما جب تک میں زندہ رہوں"
ماہ مبارک کی جو شب و روز کی دعائیں ہیں ان میں سے تقریبا تیرہ (13) الگ الگ دعائیں ایسی ہیں جن میں اسی طرح سے حج پہ جانے کے لئے خدا سے دعا کی گئی ہے بلکہ کسی کسی دعا میں دو مرتبہ اس چیز کی دعا کی گئی ہے اور اس کے علاوہ دعائے ابوحمزہ ثمالی میں الگ سے تقریبا تین مرتبہ خدا سے اس کے گھر کی زیارت نصیب ہونے کی دعا کی گئی ہے، اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ ماہ مبارک رمضان اور حج کا آپس میں گہرا تعلق اور رابطہ پایا جاتا ہے، لہٰذا جیسے ہم اس مبارک مہینہ میں وارد ہونے والی بہت سی دعاؤں کو پڑھتے ہیں اور خدا سے خصوصی طور پر یہ دعا بھی کرنی چاہیے کہ وہ ہمیں اس عظیم اور مبارک مہینہ میں سب سے بڑی توفیق یہ عطا فرما دے کہ ہمارے اندر اس میں وارد ہونے والی دعاؤں کے پڑھنے کا ذوق و شوق اور ہمت و حوصلہ پیدا ہو جائے اور ہم اس عظیم مہینہ کی تمام دعاؤں کو زیادہ سے زیادہ سمجھ کے اور خلوص نیت کے ساتھ پڑھ سکیں، ان دعاؤں کے پڑھنے کے اثرات و برکات کیا ہوں گے وہ خدا ہی جانتا ہے، اسی طرح صدق دل اور خلوص نیت کے ساتھ ان دعاؤں کو بھی زیادہ سے زیادہ پڑھیں جن میں حج کرنے اور خانہ خدا کے دیدار کی دعا کی گئی ہے تاکہ ہم اس سال اور ہر سال خدا کے گھر کی زیارت کا شرف حاصل کر سکیں، خداوند عالم سے دعا ہے کہ خدا محمد(ص) و آل محمد علیہم السلام اور اس مبارک اور عظیم مہینہ کے صدقہ میں ہمیں توفیق عنایت فرمائے کہ ہمارے اندر اس مہینہ میں وارد ہونے والی دعاؤں کو پڑھنے کا ذوق و شوق اور ہمت و حوصلہ پیدا ہو جائے اور ہم ماہ مبارک رمضان کی تمام دعاؤں کو خاص طور سے حج سے متعلق دعاؤں کو زیادہ سے زیادہ پڑھ سکیں اور ساتھ ہی ساتھ ہمیں یہ بھی توفیق عطا فرمائے کہ ہم اس سال اور ہر سال حج پہ جا سکیں اور اس کے گھر کی زیارت کا شرف حاصل کر سکیں۔
آپ کا تبصرہ