حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مولانا شمشیر علی مختاری،کوپاگنج مئو/ مدیر مدرسہ جعفریہ کوپاگنج مئو، بانی ومنیجر زہرا ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کوپاگنج مئو یوپی نے فرزند ظفر الملت حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید ولی الحسن رضوی مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان و وابستگان کی خدمت میں تعزیت پیش کی جسکا مکمل متن اس طرح ہے۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
انا للہ وانا الیہ راجعون
شب گذشتہ (31/مارچ بروز دوشنبہ) گروپ پہ ایک انتہائی دردانگیز خبر پڑھنے میں آئی کہ برادر عزیز، مخلص قوم وملت، کئی امتیازی خصوصیت کے حامل ہوتے ہوئے انتہائی منکسر مزاج عالم باعمل حجت الاسلام والمسلمین الحاج مولانا ولی الحسن رضوی نے داعی اجل کو لبیک کہا ،،انا للہ وانا الیہ راجعون،، تھوڑی دیر تو ذہن کام ہی نہیں کررہا تھا کہ خبر صحیح ہے یا اشتباہ۔۔۔ پھر کچھ احباب وغیرہ کے میسیج دیکھا اور بادل رنجیدہ قبول کرناپڑا۔
مدارس علمی ہندوستان کو لازوال بنانے میں مصروف خدمت حجت الاسلام والمسلمین الحاج مولانا شیخ ابن حسن صاحب واعظ املوی دام ظلہ نے مرحوم کے حوالے سے مختصر مگر جامع معلومات فراہم کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا پڑھکر مرحوم کا سراپا نظر آیا اور قم مقدسہ، مدرسہ حجتیہ کی یادتازہ ہوگئی، خدا موصوف کوسلامت رکھے، علماءکرام اورمدارس کی خدمتوں کا مزیدجذبہ عطافرمائے آمین۔
مرحوم بعض کتابوں میں ہمارے ہم درس بھی تھے، طالب علمی کے زمانے میں اپنے ہم درس، ہم عصر طلاب کے دلوں میں عزت اور کردار واخلاق کا سکہ بٹھانا کوئی معمولی کارنامہ نہیں ہے، اگرچہ مرحوم اپنے خاندانی اعتبار سے بھی شیعیان ہندوستان کے ممتاز لوگوں میں تھے لیکن کبھی اور کسی اعتبار سے بھی اس کی وجہ سے سوء استفادہ نہیں کیا اور اپنے رکھ، رکھاو اور سادگی سے ہر دل میں جگہ بنایا۔
دعا ہے خدا وند رحیم وکریم بحق معصومین علیہم السلام کروٹ، کروٹ جنت نصیب کرے، درجات بلند فرمائے، مرحوم کے پسماندگان اہل خانہ وخانوادہ وجملہ متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، ایسے متدین اور مخلص علماء کی کمی دور فرمائے آمین۔
شریک غم
شمشیر علی مختاری
مدیر مدرسہ جعفریہ کوپاگنج مئو، بانی ومنیجر زہرا ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کوپاگنج مئو یوپی
آپ کا تبصرہ