اتوار 25 مئی 2025 - 15:14
ایران کا ایک اور قابلِ فخر اقدام؛ جدید ملکی ساختہ ایئر ٹریفک ریڈار سسٹم کا افتتاح

حوزہ/اسلامی جمہوریہ ایران نے ایوی ایشن کے شعبے میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے جدید ملکی ساختہ ایئر ٹریفک ریڈار سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران نے غیر منصفانہ پابندیوں کے باوجود ایوی ایشن کے شعبے میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے ایک جدید ملکی ساختہ ایئر ٹریفک ریڈار سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ہفتے کے روز ویڈیو لنک کے ذریعے ملک کے جنوب مغربی شہر آبادان کے ہوائی اڈے پر ریڈار سسٹم کی تنصیب کا حکم دیا۔

ایرانی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے حکام کے مطابق، یہ جدید ریڈار سسٹم علاقے میں ایئر ٹریفک کنٹرول نیٹ ورک کو مزید مستحکم کرے گا۔

ایران ایئرپورٹس اینڈ ایئر نیویگیشن کمپنی کے سی ای او محمد امیرانی نے بتایا کہ یہ سسٹم مکمل طور پر ایرانی کمپنیوں کے ذریعے ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے میں اصفہان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں نے بھی بھرپور تعاون کیا اور یہ ریڈار 450 کلومیٹر کے دائرے میں اندرون و بیرون ملک پروازوں کی نگرانی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جناب امیرانی کے مطابق، حکومت نے اس منصوبے پر 6 کروڑ یورو خرچ کیے۔ اس سسٹم کے فعال ہونے کے بعد درآمدی اخراجات میں دس لاکھ یورو کی بچت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس ریڈار سسٹم کا آغاز ملک کی ہوا بازی کی صنعت میں خود کفالت اور ترقی کی راہ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی ایوی ایشن اتھارٹیز نے 2024 کے آخر میں اعلان کیا تھا کہ ملک نے بوئنگ اور ایئربس طیاروں کے انجن پارٹس بنانے کی ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرلی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha