حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کربلا کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو عراق کے اہم اور اسٹریٹجک منصوبوں میں شمار کیا جاتا ہے اور اس کی تعمیر اب آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ عراقی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ کربلا اور موصل کے ہوائی اڈے رواں سال مکمل ہو کر سرگرم ہو جائیں گے۔
وزیرِاعظم السودانی نے کربلا ایئرپورٹ کے تعمیری کام کا جائزہ لیتے ہوئے وزارتِ ٹرانسپورٹ، کربلا گورنری اور آستان مقدس حسینیؑ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ ایئرپورٹ عراق کی عالمی سطح پر ایک نئی پہچان بنے گی اور دنیا بھر سے زائرین کے استقبال کا باوقار دروازہ ثابت ہوگی۔
عراقی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق، اس 500 ملین ڈالر مالیت کے منصوبے کا 78 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے اور اہم رن وے کی تعمیر بھی تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، موصل اور ناصریہ کے ہوائی اڈے بھی اسی سال چالو ہونے والے ہیں۔
عراقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس منصوبے کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے ہر دو ماہ بعد باقاعدہ جائزہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ کربلا کا یہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ سالانہ 20 ملین مسافروں کی گنجائش کے ساتھ، عراق کے فضائی ٹرانسپورٹ کا ایک اہم مرکز بن جائے گا۔









آپ کا تبصرہ