منگل 8 اپریل 2025 - 11:02
زیارت کو قومی مسئلہ تسلیم کیا جائے،حکومت فوری اور سنجیدہ اقدامات کرے؛ حجت الاسلام و المسلمین احمد مروی

حوزہ/ حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے کہا ہے کہ زیارت صرف ایک دینی عمل نہیں بلکہ ایک قومی و اجتماعی مسئلہ ہے جسے حکومت کی پالیسیوں میں سنجیدگی سے شامل کیا جانا چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مشہد مقدس/ حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی، حجت الاسلام و المسلمین احمد مروی نے کہا ہے کہ زیارت صرف ایک دینی عمل نہیں بلکہ ایک قومی و اجتماعی مسئلہ ہے جسے حکومت کی پالیسیوں میں سنجیدگی سے شامل کیا جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 8 شوال المکرم کو حرم امام رضا علیہ السلام میں منعقدہ "کارگروہ ملی زیارت" کے اجلاس میں کیا، جس میں نائب اول صدر، وزیر ثقافت و ارشاد اسلامی، زیارتی صوبوں کے گورنرز اور دیگر ثقافتی عہدیدار شریک تھے۔

حجت الاسلام مروی نے کہا کہ زیارت ایک روحانی سفر ہے جو انسان کو روحانی طور پر تازگی بخشتی ہے اور سماجی و نفسیاتی مسائل کو کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتی ہے۔ زیارت سے دلوں کو سکون ملتا ہے اور یہ معاشرے میں امن و اطمینان کا باعث بنتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر سال تقریباً ۳۰ ملین زائرین مشہد مقدس آتے ہیں اور مجموعی طور پر ملک بھر میں ۵۰ سے ۶۰ ملین افراد زیارت کے لیے مختلف مقامات کا رخ کرتے ہیں۔ ایسے میں حکومت کا اس اہم اور وسیع مسئلے سے لاتعلق رہنا درست نہیں۔ اگر زیارت کو ایک "قومی مسئلہ" تسلیم کر لیا جائے تو اس کے ذریعے دیگر کئی سماجی اور ثقافتی مسائل کو بھی حل کیا جا سکتا ہے۔

حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے مزید کہا کہ زیارت نہ صرف اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کے فروغ کا ذریعہ ہے بلکہ عوام کی دینی تربیت اور اسلامی طرز زندگی کے فروغ میں بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ اس لیے زیارتی شہروں خصوصاً مشہد میں بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ساتویں ترقیاتی منصوبے کے تحت غیر ملکی زائرین کی تعداد ۱۵ ملین تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے مناسب سہولیات، رہائش، نقل و حمل اور پارکنگ کا بندوبست انتہائی ضروری ہے۔

حجت الاسلام مروی نے زور دے کر کہا کہ حرم مطہر کے آس پاس پارکنگز، صحن اور دیگر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، نہ کہ بلدیہ یا خود آستان قدس کی۔ آستانہ صرف زائرین کے لیے زیارت کے عمل کو آسان بنانے کا ذمہ دار ہے، نہ کہ ٹرانسپورٹ، ہوائی جہاز یا ریلوے جیسی سہولیات فراہم کرنا۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زیارت کے فروغ اور زائرین کی سہولت کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha