۲۹ شهریور ۱۴۰۳ |۱۵ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 19, 2024
مروی

حوزہ/حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی نے زیارت کے بہت سے انفرادی اور سماجی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی حکومت اور نئی پارلیمنٹ کو چاہیے کہ وہ قومی اتحاد و سلامتی اور مذہبی تعلیمات و ثقافت کو مستحکم بنانے کے لئے زیارت کے موضوع پر سنجیدگی سے توجہ دیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بارہویں پارلیمنٹ میں صوبۂ خراسان رضوی سے منتخب ہونے والے ارکان کا اجلاس حرم امام رضا علیہ السلام کے ولایت ہال میں منعقد ہوا، جس میں حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے سابق صدر شہید رئیسی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور سابقہ پارلیمنٹ کا آستانہ قدس رضوی کے ساتھ تعاون اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید رئیسی نے زیارت کے لئے بہت اچھے اقدامات انجام دیئے اور امید کی جاتی ہے کہ نئی حکومت اور پارلیمنٹ ان اقدامات کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گی۔

متولی حرم امام رضا (ع) کی نئی حکومت سے زائرین کی مشکلات کے حل کی اپیل

انہوں نے حکومت اور پارلیمنٹ کی جانب سے زائرین کو سفری سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا اور زیارت کے انفرادی اور سماجی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ’’زیارت‘‘ دینی ثقافت کو بہتر بنانے اور قومی یکجہتی اور قومی سلامتی کے تعلق سے بہت زیادہ مؤثر ہے، زیارت سے زائرین پر بہت سے اچھے اور مفید تربیتی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اسی طرح زیارت؛زائرین کی روحانی، اخلاقی اور روحی سکون اور سعادت مندی کا باعث بنتی ہے۔

حرم امام رضا علیہ السّلام کے متولی نے معاشرے میں زیارت کے دینی اثرات اور ماڈرن انسان کی زندگی کو بامعنی بنانے میں زیارت کے مؤثر کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کے حرم مطہر جیسی بے مثال نعمت کی قدر کرنی چاہیے، حکومت اور پارلیمنٹ کو زیارت کے موضوع پر سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے، زیارت کا مسئلہ کسی شہر یا صوبے کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ یہ ایک قومی اور قومی آثار کا معاملہ ہے۔

حرم امام رضا علیہ السّلام کے متولی نے کہا کہ زائرین کو سہولیات فراہم کرنے اور زیارت گاہوں کی توسیع میں پارلیمنٹ اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے پارلیمنٹ میں زیارت گاہوں والے صوبوں کے لئے علیحدہ کمیشن بنانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ زیارتگاہوں کے تین اہم صوبوں؛صوبہ خراسان رضوی، قم اور صوبۂ فارس کے نمائندوں کے لئے کمیشن کی تشکیل سے مقاماتِ مقدسہ کی زیارت کو آسان بنانے میں مفید اور مؤثر ثابت ہوگا۔

حجت الاسلام والمسلمین مروی نے مشہد مقدس میں زائرین کی بعض ضروریات جیسے پارکینگ، سستی رہائش اور آمد و رفت کے لئے عوامی ٹرانسپورٹ وغیرہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق اسی فیصد سے زیادہ زائرین اپنی موٹر کار کے ذریعہ مشہد مقدس تشریف لاتے ہیں، اس لئے پارکینگ کی فراہمی سب سے اہم ترجیحات میں سے ایک ہے نیز سستی رہائش کی فراہمی بھی زائرین کی دیگر ضروریات میں سے ہے اور اس کے حل کے لئے مشہد مقدس اور صوبۂ خراسان رضوی میں سہولیات کافی نہیں ہیں اس لئے حکومت اور پارلیمنٹ قومی نقطۂ نظر کو مدّ نظر رکھتے ہوئے ان مسائل کے حل کے لئے اقدامات انجام دیں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .