حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے پاکستان کے پاراچنار علاقے میں مسلمانوں اور شیعیان اہل بیت (ع) کو شہید اور زخمی کرنے میں انتہا پسند اور تکفیری گروہوں کی دہشت گردانہ کارروائی کی مذمت کی۔
سربراہ حوزہ علمیہ قم آیت اللہ اعرافی کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
پاکستان کے شیعہ نشین علاقے پاراچنار میں انتہا پسند اور تکفیری عناصر کے ہاتھوں ہمارے مسلم بھائیوں کی شہادت اور زخمی ہونے کی خبر موصول ہوئی جس کے بعد شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
تکفیری اور انتہا پسند گروہ صیہونی حکومت کے ساتھ مل کر امت مسلمہ کے خلاف سازشیں کرتے اور جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں، اس طرح کے جاہل اور اسلام سے بے خبر گروہوں کے جرائم کو ہمیشہ استکباری حکومتوں اور مجرم صیہونی حکومت کی حمایت حاصل رہی ہے۔
میں حوزہ علمیہ نام پر پاکستان کے پاراچنار علاقے میں مسلمانوں اور شیعیان اہل بیت (ع) کو شہید اور زخمی کرنے میں ان انتہا پسند اور تکفیری گروہوں کی دہشت گردانہ کارروائی کی مذمت کرتا ہوں۔
حکومت پاکستان اور وہاں کے مسلم علماء سے درخواست ہے کہ وہ تکفیری اور دہشت گردانہ تحریکوں کے جرائم کا مقابلہ کریں اور اس عظیم جرم کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور سزا کے لیے ضروری اقدامات کریں ، کچھ ایسے اقدام کئے جائیں جس کے بعد اس طرح کے جرائم دوبارہ تکرار نہ ہوں اور خطے اور دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح نہ ہوں ،پاکستان اور خطے میں دہشت گردی کو فروغ نہ ملے اس سلسلے میں فیصلہ کن طریقے سے نمٹا جائے۔
آخر میں پاکستان کی عظیم قوم اور اہل بیت (ع) کے پیروکاروں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتاہوں، نیز پاکستان کے عوام اور خاص طور پر اہل بیت (ع) کے پیروکاروں کے صبر و استقامت ، اتحاد و یکجہتی اور امت اسلامیہ کے اہم مسائل پر توجہ دینے پر ان کا شکر گزار ہوں۔
میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ شہداء کو اجر عظیم اور زخمیوں کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔
علی رضا اعرافی
سربراہ حوزہ علمیہ ایران