جمعرات 17 جولائی 2025 - 12:06
شیخ رسول شحود نے اپنی زندگی دین کی ترویج اور مظلوم شامی عوام کی خدمت میں صرف کی

حوزہ/ حضرت آیت اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی نے شام کے عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ رسول شحود کی مظلومانہ شہادت پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ اپنی تمام عمر دینِ مبین اسلام کی تبلیغ اور مصیبت زدہ شامی عوام کی خدمت میں مصروف رہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے اپنے ایک پیغام میں دہشت گرد تکفیری گروہوں کے ہاتھوں شام میں حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ رسول شحود کی شہادت کو دلخراش اور افسوسناک سانحہ قرار دیا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں تحریر فرمایا: "جناب حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ رسول شحود، جو شام میں تکفیری دہشت گردوں کے ہاتھوں مظلومانہ طریقے سے شہید کیے گئے، ان کی خبر شہادت سن کر بہت تکلیف ہوئی۔ وہ ان علماء میں سے تھے جو مکتبِ اہل بیت (علیہم‌السلام) کے پروردہ تھے اور اپنی پوری زندگی اس سرزمین کے رنجیدہ حال عوام کی خدمت اور دینِ خدا کے نشر و اشاعت میں صرف کی۔"

حضرت آیت اللہ مکارم شیرازی نے شامی حکام کو متوجہ کرتے ہوئے فرمایا: "شام کے موجودہ حکمرانوں کو یہ حقیقت مدنظر رکھنی چاہیے کہ اگر اس ملک میں تمام اقوام و مذاہب پر مشتمل ایک ایسی حکومت برسر اقتدار نہ ہو جو خلوصِ نیت کے ساتھ عوام کی خدمت کرے اور اسلام و مسلمین کے دشمنوں پر تکیہ کرنے سے پرہیز کرے، تو نارضایتی، بدامنی اور جنایت کی آگ سب کو اپنی لپیٹ میں لے گی۔"

اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے شہید عالم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر و اجر کی دعا کرتے ہوئے کہا: "خداوند متعال سے شہیدِ عزیز کے لیے علوِ درجات، اور بازماندگان کے لیے صبر جمیل و اجر عظیم کی دعا کرتا ہوں اور شام کے ملک و ملت کی اصلاح کی تمنا رکھتا ہوں۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha