اتوار 25 مئی 2025 - 15:21
قرآن کریم کو اس طرح پڑھیں / قرآن سے صحیح آشنائی کی شرائط

حوزہ / شہید استاد مرتضیٰ مطہری نے قرآن کو صحیح طور پر سمجھنے کے لیے تین بنیادی شرائط بیان کی ہیں: پہلی، عربی زبان سے واقفیت؛ بالکل اسی طرح جیسے حافظ کے اشعار کو سمجھنے کے لیے فارسی جاننا ضروری ہے۔ دوسری، اسلام کی تاریخ اور آیات کے شانِ نزول سے آگاہی؛ کیونکہ قرآن 23 سال کے عرصے میں اور اہم تاریخی واقعات کے ساتھ نازل ہوا ہے۔ تیسری، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ائمہ اطہار علیہ السلام کے اقوال سے واقفیت؛ کیونکہ یہی حضرات قرآن کے بہترین مفسر ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، استاد شہید مطہری نے اپنی ایک تصنیف میں قرآن سے صحیح آشنائی کی شرائط بیان کی ہیں جو اہلِ علم و دانش کی خدمت میں پیش کیے جا رہے ہیں۔

قرآن سے آشنائی کچھ مقدمات کی محتاج ہے جنہیں یہاں اختصار کے ساتھ بیان کیا جا رہا ہے:

قرآن فہمی کی پہلی شرط عربی زبان سے آشنائی ہے۔ جس طرح حافظ اور سعدی کو سمجھنے کے لیے فارسی زبان ضروری ہے، اسی طرح قرآن جو عربی زبان میں نازل ہوا ہے، اسے سمجھنے کے لیے عربی جاننا لازمی ہے۔

دوسری شرط، تاریخ اسلام سے آگاہی ہے۔ قرآن تورات یا انجیل کی طرح نہیں کہ یکبارگی نازل ہوا ہو بلکہ یہ کتاب 23 سال کے عرصے میں، بعثت سے وفات تک، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی اور اسلامی تاریخ کے دوران نازل ہوئی ہے۔ اسی لیے قرآن کی آیات کا شانِ نزول ہوتا ہے۔

شانِ نزول کوئی ایسی چیز نہیں جو آیت کے مفہوم کو محدود کر دے بلکہ اس کے برعکس، شانِ نزول کو جاننا آیات کے مضامین کو بہتر طور پر سمجھنے میں مؤثر اور رہنما اصول شمار ہوتا ہے۔

تیسری شرط، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اقوال سے آشنائی ہے۔ قرآن کی نظر میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود قرآن کے مبیّن اور مفسر ہیں اور جو کچھ پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نقل ہوا ہے وہ قرآن کے فہم میں ہماری مدد کرتا ہے۔

اور چونکہ ہم شیعہ ائمہ اطہار علیہم السلام پر ایمان و اعتقاد رکھتے ہیں اور یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ جو کچھ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ کی طرف سے عطا ہوا وہ انہوں نے اپنے اوصیاء کرام کو منتقل کیا لہٰذا جو معتبر روایات ہمیں ائمہ اطہار علیہم السلام سے ملی ہیں وہ بھی رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معتبر روایات ہی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ چنانچہ ائمہ علیہم السلام کی معتبر مستند و روایات قرآن کریم کو سمجھنے میں بڑی مدد کرتی ہیں۔

ماخذ: تفہیم قرآن، جلد ۱، صفحہ ۱۸ و ۱۹

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha