جمعرات 5 جون 2025 - 15:51
امام خمینیؒ حوزۂ علمیہ کے لیے ہمیشہ ایک زندہ اسوہ رہے، آیت اللہ ملکوتی

حوزہ/ تحریک بیداری امت مصطفیٰ شعبہ قم کے زیر اہتمام امام خمینیؒ کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں آیت اللہ ملکوتی نے ولایت فقیہ، حجاب اور انقلاب اسلامی پر مفصل خطاب کرتے ہوئے دشمن کی فکری یلغار سے ہوشیار رہنے پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قم المقدسہ/ تحریکِ بیداریِ اُمّتِ مصطفیٰ (شعبہ قم) نے مؤسسۂ مرکزِ تحقیقاتِ اسلامی بعثت میں امامِ راحل حضرت امام خمینیؒ کی برسی کی پُروقار تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر حوزۂ علمیہ قم کے جید استاد اور مجلسِ خبرگانِ رہبری میں تبریز کے نمائندے، حضرت آیت اللہ ملکوتی نے کلیدی خطاب فرمایا۔

آیت اللہ ملکوتی نے سورۃ النساء کی آیت 59 کی روشنی میں “اطاعتِ الٰہ، اطاعتِ رسول ﷺ اور اولی الامر” کے جامع مفاہیم اور ولایتِ مطلقۂ فقیہ کی مدلّل وضاحت پیش کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں حجاب کے مسئلے پر بھی گفتگو کرتے ہوئے اس امر کی نشاندہی کی کہ دشمنانِ اسلام غیر اسلامی اسوے اور غلط اقدار فروغ دے کر اسلامی ثقافت میں رخنہ انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

امام خمینیؒ کی شخصیت پر بات کرتے ہوئے آیت اللہ ملکوتی نے فرمایا کہ انقلاب سے قبل بھی وہ حوزۂ علمیہ کے اُن ممتاز اساتذہ میں شامل تھے جنہیں طلبہ اور علماء نمونۂ عمل سمجھتے تھے۔ مزید برآں، انہوں نے واضح کیا کہ انقلاب کے ابتدائی دنوں میں دشمن نے نہ صرف ایران کی جغرافیائی تقسیم بلکہ قیادت کو کمزور کرنے کی کوشش بھی کی۔ اس مقصد کے تحت بعض افراد کو امام خمینیؒ کے مقابل لانے کی تدبیریں کی گئیں، تاہم تمام حربے ناکام ثابت ہوئے اور انقلابِ اسلامی کو اللہ تعالیٰ نے کامیابی، سربلندی اور عزت عطا فرمائی۔

تقریب کا اختتام سوال و جواب کی نشست اور پُراثر دعائیہ کلمات پر ہوا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha