حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علما بورڈ مہاراشٹرا کے صدر محمد اسلم رضوی نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے نام ایک تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے، جس میں ایران کی استقامت، مظلومیت اور دنیا کی سامراجی طاقتوں کے خلاف اس کے اصولی موقف کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
پیغام کا مکمل متن اس طرح ہے؛
حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای دام ظلہ العالی رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران
سلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
اسلامی جمہوریہ ایران پر جرثومہ فساد، غاضب و قاتل کے بزدلانہ حملے نے ہر انصاف پسند انسان کو مغموم و رنجیدہ کر دیا ہے ۔
ہمیں یقین ہے کہ اسرائیل صرف اپنے بل پہ ایران پر حملہ نہیں کر سکتا ہے بلکہ اس کے پیچھے وہ طاقتیں ہیں جو آزادی پسند حکومتوں کو ایک لمحے کے لیے بھی پسند نہیں کرتی ہیں ۔
دنیا جانتی ہے کہ ایران کا سب سے بڑا جرم یہ ہے کہ وہ دنیا کی خون آشام طاقتوں کے سامنے سجدہ ریز نہیں ہوا ۔
ایران اس حسین ابن علی علیہ السلام کو اپنا مولیٰ و آقا مانتا ہے جس کا نعرہ یہ تھا کہ سر کٹ تو سکتا ہے لیکن ظالم طاقتوں کے سامنے جھک نہیں سکتا ۔
اے ہمارے عزیز رہبر! آپ احساس غربت و تنہائی نہ کیجیے گا کیونکہ ہم سب کی دعائیں آپ اور آپ کے مشن کی حفاظت کے لیے آپ ساتھ ہیں ۔
انشاءاللہ یہ جنگ جو ظالم نے ایران پر تحمیل کی ہے اس میں ایران ایک عظیم طاقت بن کر دنیا کے نقشے پر ظاہر ہوگا ۔
اے ہمارے مکرم رہبر ! آپ ایران کی شہید پرور قوم تک ہمارا یہ پیغام پہنچا دیجیے کہ ہر مومن کی دعا میں ایران شامل ہے اس لیے اسرائیل کا اسلحہ کتنا بھی قوی ہو مومن کی دعا سے زیادہ قوی نہیں ہو سکتا ۔
محمد اسلم رضوی پونا
شیعہ علما بورڈ مہاراشٹرا ہندوستان









آپ کا تبصرہ