حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیتالله محمد جواد فاضل لنکرانی، رکنِ "جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم"، نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت نے ایک بزدلانہ اور ناپاک حملے کے ذریعے ایران میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے، جس میں ایرانی شہری اور فوجی شخصیات شہید و زخمی ہوئیں۔
انہوں نے سپاہ پاسداران کے کمانڈر "شہید سلامی" اور ایرانی ایٹمی سائنسدانوں کی شہادت پر تعزیت پیش کی اور کہا کہ اسلامی انقلاب اور امام خمینیؒ کی جدوجہد ایک پیغمبرانہ اقدام تھا، اور ایرانی عوام نے بھی پیغمبر اکرم صلی علیہ وآلہ وسلم اور امام حسینؑ کے اصحاب کی طرح ہر آزمائش میں سرخرو ہوکر حق کا ساتھ دیا۔
ایرانی معاشرہ شہادت سے آشنا ہے
آیتالله فاضل لنکرانی نے مزید کہا کہ پچھلے 45 سالوں میں ایرانی عوام کی میدان میں موجودگی قابلِ فخر رہی ہے، اور ایران میں شاید ہی کوئی گھر ہو جو شہادت کے نور سے خالی ہو، کیونکہ شہادت ایرانی ثقافت میں رچ بس گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی بنیاد ہی "شہادت" پر ہے، اور انقلاب کی ابتدا میں ہی بہت سے عظیم شخصیات شہید ہوئیں۔ ان کے بقول: "یہ انقلاب ایک زندہ اور متحرک تحریک ہے، جیسا کہ رہبر معظم انقلاب نے فرمایا کہ یہ انقلاب کبھی بوڑھا نہیں ہوگا۔
اسلامی حکومت کے مخلص رہنما شہادت کے خواہاں
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی حکومت کے تمام مخلص اور وفادار حکام ہمیشہ شہادت کی آرزو رکھتے ہیں، اور یہی چیز ہمارے نظام کا فخر ہے۔
دشمن کا خوف اور ناکامی
فاضل لنکرانی نے کہا کہ دشمن پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترا ہے اور چاہتا ہے کہ ایرانی قوم کو خوفزدہ کر کے انہیں انقلاب سے مایوس کرے، مگر وہ اس ناپاک منصوبے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا: "خدا نے مومنین کا رعب دشمنوں کے دلوں میں ڈال دیا ہے، اسی وجہ سے وہ اپنے انجام سے بچنے کے لیے ہر ظلم پر آمادہ ہیں۔ ہم نے خود دیکھا کہ غزہ میں ہزاروں افراد، بشمول بچوں کو شہید کیا گیا۔"
خدائی نصرت کا وعدہ
انہوں نے قرآن کریم کی سورہ غافر کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: "ہم اپنے رسولوں اور ایمان لانے والوں کی دنیا و آخرت میں ضرور مدد کریں گے۔"
انہوں نے کہا کہ ہمیں خدا کے وعدے پر مکمل یقین ہے، اگرچہ ہمیں وقت کا علم نہیں، مگر اس کی نصرت یقینی ہے۔
ولی فقیہ کی قیادت اور عوام کی امید
آیتالله فاضل لنکرانی نے کہا: "آج اسلامی نظام کی قیادت ایک بہادر، بصیرت مند اور طاقتور فقیہ کے ہاتھ میں ہے، اور ان کا آج کا پیغام بھی اسی حقیقت کی گواہی دیتا ہے۔"
آخر میں انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام رہبر معظم انقلاب کے وعدے اور اسرائیلی حکومت پر شدید ضرب کے منتظر ہیں تاکہ اس ظالم اور خونخوار رژیم کی جڑیں ہمیشہ کے لیے اکھڑ جائیں اور دنیا کو اس کے شر سے نجات ملے۔
انہوں نے امام خمینیؒ کے اس فرمان کا حوالہ بھی دیا کہ:
"اسرائیل ایک سرطانی غدہ ہے، جسے صفحۂ ہستی سے مٹ جانا چاہیے۔"









آپ کا تبصرہ