حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی/ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سربراہ مولوی محمد امین انصاری کی زیرِ صدارت مرکزی سیکریٹریٹ گلشنِ اقبال میں "پیغامِ حسینیت سیمینار" کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں ممتاز مذہبی اسکالرز اور مختلف مکاتبِ فکر کے علماء نے بھی شرکت کی۔
علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "حسینیت حق کی فتح اور یزیدیت کی موت ہے۔ وحدت و حریت پیغامِ حسینیؑ ہے۔ محرم، امن، اتحاد، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت استعماری ایجنڈا ہے جسے مل کر ناکام بنانا ہوگا، اور وقت کی ظالم یزیدیت کے خلاف تا قیامت حسینیت مظلوموں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی مسلمان اصحابِ رسولﷺ اور اہلِ بیتِ اطہارؑ کی گستاخی کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے اسرائیلی و امریکی جارحیت کے خلاف حسینی مزاحمتی کردار کو قابلِ تقلید اور قابلِ تحسین قرار دیا، اور کہا کہ غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمان بھی قبلۂ اول بیت المقدس اور اسلام کے تحفظ کے لیے حسینی کردار کا علم بلند کیے ہوئے ہیں۔
علما نے زور دیا کہ ذاکرین و خطبا مجالس و تقاریر میں منافرت انگیز، دل آزار اور فرقہ وارانہ اختلافی نکات سے مکمل اجتناب کریں، اور اہلِ بیتؑ کی امن بخش انقلابی تعلیمات و افکار کو اجاگر کریں۔
مزید کہا گیا کہ شیعہ سنی علماء مل کر اسلام اور پاکستان کے خلاف استعماری فرقہ وارانہ سازشوں کو ناکام بنائیں، شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور سیکیورٹی اداروں، پولیس افسران اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور رابطہ و تعاون جاری رکھا جائے۔









آپ کا تبصرہ