حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر مرکزی سرپرست خطیب پاکستان مولانا انتظار الحق تھانوی کی زیر صدارت مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں منعقدہ استقبال محرم و امن و یکجہتی سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ و ذاکرین نے خطاب کیا۔
علماء مشائخ و ذاکرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان اندرونی و بیرونی سازشوں اور نازک صورتحال کا شکار ہے، ان حالات میں پاکستان کسی طور بھی فرقہ واریت، مذہبی منافرت اور دہشت گردی کا متحمل نہیں ہوسکتا، اسلام و ملک دشمن استعماری قوتیں ایک مرتبہ پھر پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کروانے کی سازشیں کررہے ہیں جس کے خلاف شیعہ سنی علماء و عوام کو اپنا مثبت و تعمیری اور اصلاحی کردار ادا کرنا ہوگا۔
علماء نے کہا کہ محرم الحرام استعمار کے خلاف امن وحدت و بیداری کا درس دیتا ہے، محرم میں امن و یکجہتی کی فضاء برقرار رکھی جائے، حکومت فول پروف سیکورٹی یقینی بنائے، علماء و ذاکرین ایک دوسرے کے مقدسات و جذبات کا احترام اور متنازعہ تقاریر سے اجتناب کریں، حکومت جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں و مساجد کے اطراف ترجیحی بنیادوں پر صحت و صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائے۔
علماء نے کہا کہ اصحاب رسولؐ و اہل بیت اطہارؑ سے عقیدت و محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اہل بیت اطہارؑ و اصحاب رسولؐ اور دیگر مقدس شخصیات کی شان میں گستاخی کرنے والوں کا کسی مسلک سے تعلق نہیں وہ ملک دشمن اور استعماری قوتوں کے آلہ کار ہیں، پاکستان میں الحمدللہ شیعہ سنی ملکی امن و استحکام، فرقہ واریت کے خاتمے اور حب اہل بیتؑ و اصحاب رسولؐ کیلئے متحد و بیدار ہیں۔