جمعہ 25 جولائی 2025 - 20:03
آیت اللہ اعرافی: غزہ میں بچوں کی فریادوں سے آسمان لرز اٹھا، مگر عرب حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں

حوزہ/ سربراہ حوزہ‌ علمیہ ایران آیت اللہ اعرافی نے قم المقدسہ میں نماز جمعہ کے دوران صہیونی مظالم، اسلامی حکومتوں کی بے حسی اور ایران کی استقامت پر روشنی ڈالتے ہوئے 12 اہم نتائج کی فہرست بیان کی اور کہا: غزہ کے معصوم بچے ایک لقمہ روٹی کو ترس رہے ہیں، اور عرب حکام تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ حوزہ علمیہ ایران آیت اللہ علی رضا اعرافی نے قم المقدسہ میں نماز جمعہ کے خطبہ میں عالم اسلام کو بیدار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سال اور بالخصوص حالیہ ۱۲ روزہ جنگ، حق و باطل کے درمیان ایک واضح معرکہ تھا، جس نے صہیونی دشمن اور اس کے حامیوں کے چہروں سے نقاب کھینچ دی۔

انہوں نے کہا: پہلا اور اہم ترین نتیجہ یہ ہے کہ اسرائیل کی غاصب اور استکباری حقیقت پوری دنیا پر آشکار ہو چکی ہے، اب وضاحت کی ضرورت باقی نہیں رہی۔ آج وہ نیل سے فرات تک کے خواب کو علناً بیان کر رہے ہیں۔

آیت اللہ اعرافی نے مزید کہا: یہ بھی واضح ہو گیا کہ اسرائیل ایک فوجی گروہ ہے جو استکبار اور استعمار کے مقاصد کی تکمیل کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے فطری ظلم، درندگی اور بے رحمی کا چہرہ دنیا نے ۶۰ ہزار شہداء کی شکل میں دیکھا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور دیگر عالمی اداروں کی بے عملی اور اسلامی دنیا کے بیشتر حکمرانوں کی بزدلی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا: سوائے چند مقاومتی گروہوں کے، اکثر اسلامی حکومتیں مرعوب، مصلحت پسند اور خاموش رہیں۔

آیت اللہ اعرافی نے ایران کو ایک مقتدر اور بیدار ملت قرار دیا جو رہبری، عوامی شعور اور دفاعی طاقت کے سہارے مظلومین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے نماز جمعہ کے فوائد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: یہ عبادت، اجتماعی بیداری، سیاسی شعور، اخلاقی تربیت اور امت کی وحدت کا مظہر ہے۔ نماز جمعہ صرف عبادت نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت تمدنی فریضہ ہے جو اسلام کی عبادی و اجتماعی روح کی ترجمانی کرتا ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا: اگر آج عالم اسلام خاموش رہا تو کل یہ ظلم اس کی دہلیز پر ہوگا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم صف بستہ ہو کر فلسطین کی حمایت کریں، کیونکہ یہی ہماری عزت و بقاء کا راستہ ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha