۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مولانا سید رضا حیدر زیدی

حوزہ/ شاہی آصفی مسجد لکھنؤ میں خطبۂ نمازِ جمعہ دیتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی نے کہا کہ غدیر راستہ ہے اور کربلا اس کی روشنی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شاہی آصفی مسجد لکھنؤ ہندوستان میں خطبۂ نمازِ جمعہ دیتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی نے کہا کہ غدیر راستہ ہے اور کربلا اس کی روشنی ہے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نماز جمعہ کے پہلے خطبے میں خود کو اور نمازیوں کو تقویٰ الٰہی کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ پروردگار ہم سب کو یہ توفیق دے کہ ہم ہمیشہ راہ راست پر باقی رہیں، ہمارے دلوں میں ہمیشہ تقویٰ الٰہی پایا جائے۔

انہوں نے امیر المؤمنین امام علی علیہ السلام کے خطبہ غدیر کے ایک حصہ کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ صراط، طریق اور سبیل کے عام معنی راستے کے ہیں۔ صراط سیدھے راستے کو کہتے ہیں، طریق عام راستے کو کہتے ہیں جس پر لوگ چلتے ہیں اور سبیل اطراف کے راستوں کو کہتے ہیں۔ امیر المومنین علیہ السلام صراط اللہ، طریق اللہ اور سبیل اللہ ہیں۔ یعنی انسان جس راستے سے بھی جنت جانا چاہے اسے جنت کے ہر راستے پر امیر المومنین امام علی علیہ السلام ملیں گے، بس صرف جہنم کے راستے پر امیر المومنین علی علیہ السلام کے دشمن ملیں گے کیونکہ جہنم کا راستہ ان کے دشمنوں کا راستہ ہے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے"بچوں کی حکومت" کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا: ممکن ہے آپ یہ کہیں کہ دنیا میں بچے کہاں حکومت کر رہے ہیں؟ کوئی 70 سال کا ہے تو کوئی 80 سال کا جو حکومت کر رہا ہے۔ لیکن یاد رکھیں کہ بلوغ دو طرح کا ہوتا ہے ایک عمر کے حوالے سے بالغ ہوتا ہے اور دوسرا شعور اور رشد کے حوالے سے بالغ ہوتا ہے، یہ جو دنیا میں ظلم و ستم ہو رہا ہے، انسانیت تڑپ رہی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ جو دنیا میں حکومت کر رہے ہیں وہ فکر و شعور اور رشد کے حوالے سے بچے ہیں ورنہ یہ ظلم و ستم نہ ہوتا۔ ان شاءاللہ جب وارث حسین امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف ظہور فرمائیں گے تو حکومت فکر و شعور اور رشد کے حوالے سے بالغ لوگوں کے ہاتھ میں ہوگی۔

امام جمعہ مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: غدیر راستہ ہے اور کربلا اس کی روشنی ہے، ہدایت کا راستہ اور اس کی روشنی موجود ہے لیکن اس پر چلنے کے لئے آنکھوں کی روشنی ضروری ہے، لہٰذا وعظ و نصیحت اور توبہ و استغفار کی عینک لگا کر اس راستے پر چلا جا سکتا ہے۔ اور دوسروں کو بھی وعظ و نصیحت کے ذریعے اس راستے کی رہنمائی کی جا سکتی ہے، کیونکہ ہمیں حکم ہے کہ ہم سب سے اچھے اخلاق سے برتاؤ کریں ہر ایک سے نیکی سے ملیں، تاکہ سب پر حجت تمام ہو جائے کیونکہ بہت سے ایسے افراد ہیں جو حقیقت سے آشنا نہیں ہیں، ان کے لئے ابھی تک حق واضح نہیں ہوا ہے لہٰذا طنز کر کے نہیں، بلکہ محبت سے اچھے اخلاق سے ان کے سامنے حقیقت کو پیش کیا جائے۔

امام جمعہ لکھنؤ مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نماز جمعہ کے دوسرے خطبے میں تقویٰ الٰہی کی نصیحت کرتے ہوئے جناب میثم تمار اور ان کی شجاعت کا تذکرہ کیا۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے عید مباہلہ کا ذکر کرتے ہوئے اس دن کے اعمال انجام دینے کی تاکید فرمائی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .