حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستان میں دینی تعلیم نسواں کی تحریک کے سربراہ اور جامعۃ الزہراء لکھنؤ کے بانی، حجة الاسلام والمسلمین الحاج مولانا سید حیدر مہدی زیدی کی برسی کے موقع پر مولانا کرامت حسین جعفری نے کہا کہ مولانا سید حیدر مهدی زیدی ایک ایسی شخصیت تھے جن کا اخلاق و کردار اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا، "مرحوم مولانا حیدر مہدی زیدی کا کریمانہ اخلاق، اخلاص بھرا برتاؤ، ہنستا مسکراتا چہرہ اور دلنشین باتیں ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔"
مولانا کرامت حسین جعفری نے مرحوم کو ایک باعمل و بااخلاق عالم دین، بہترین مدرس، اور استاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ میں مدیریت اور انتظامی صلاحیت بے مثال تھی۔ "آپ نے ہمیشہ علماء، طلباء اور عوام کے ساتھ ہمدردانہ اور محبت بھرا برتاؤ رکھا،"
انہوں نے جامعۃ الزہراء لکھنؤ کو مولانا حیدر مہدی زیدی کی خدمات کا نمایاں یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی دینی تعلیم کے لیے مولانا زیدی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مولانا کرامت حسین جعفری نے مولانا مرحوم کی اعلی ظرفی اور وسیع القلبی کو بھی سراہا اور کہا کہ مولانا زیدی نے ہمیشہ نفرت کا جواب محبت سے دیا اور دوسروں کے خلاف دل میں کسی قسم کی حسد یا کینہ نہیں رکھا۔ "آپ کا اعلی کردار اور بے مثال خدمات ہمیشہ زندہ و پائندہ رہیں گی۔"
آخر میں مولانا سید حیدر مہدی زیدی کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ کی درخواست کی اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مولانا مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی علیین میں مقام عطا فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے۔ آمین۔