جمعہ 9 مئی 2025 - 08:08
حوزہ علمیہ کی تاسیس جدید کی صد سالہ تقریب ایک مفید، مؤثر اور تعمیری قدم

حوزہ/ حوزہ علمیہ قم کی تاسیس جدید کے سو سال مکمل ہونے کے موقع قم المقدسہ میں ایک عظیم بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا بھر سے علماء، محققین اور دینی اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اس موقع پر جامعۃ الزہراء لکھنؤ کی مدیر خانم سیدہ رباب زیدی نے بھی خصوصی خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ قم کی تاسیس جدید کے سو سال مکمل ہونے کے موقع قم المقدسہ میں ایک عظیم بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا بھر سے علماء، محققین اور دینی اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اس موقع پر جامعۃ الزہراء لکھنؤ کی مدیر خانم سیدہ رباب زیدی نے بھی خصوصی خطاب کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب کا آغاز حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا اور حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کیا اور اس بابرکت موقع پر اس کانفرنس کے انعقاد کو نہایت مفید، مؤثر اور تعمیری قرار دیا۔

خانم زیدی نے اپنی علمی جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: "میں نے 1987 میں دینی تعلیم کا آغاز کیا اور اُسی سال ایران آئی۔ اُس وقت لڑکیوں کی دینی تعلیم کو سماجی طور پر معیوب سمجھا جاتا تھا، خاص طور پر جب کوئی لڑکی اکیلے تعلیم کے لیے باہر جاتی۔ ایسے حالات میں حوزہ علمیہ قم میں جامعۃ الزہراء کی بنیاد رکھی گئی اور میں ہندوستان سے سب سے پہلی طالبہ تھی جو اس ادارے میں داخل ہوئی۔"

انہوں نے بتایا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے اپنے شوہر مولانا حیدر مہدی زیدی کے ہمراہ لکھنؤ میں خواہران کے لیے سب سے پہلے دینی مدرسے کی بنیاد رکھی، جو آج جامعۃ الزہراء کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔

خانم زیدی نے کہا: "ہم نے ابتدا میں بے شمار رکاوٹوں کا سامنا کیا، لیکن میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔ مشکلات کو برداشت کیا، مگر نہ کبھی ڈری اور نہ تھکی۔ میں مسلسل مدرسے کی خدمت اور اس کے فروغ میں مصروف رہی۔"

انہوں نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ آج ان کے شاگرد ہندوستان بھر میں تبلیغی و تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں اور یہی حوزوی تربیت کا ثمر ہے۔

آخر میں انہوں نے حوزہ علمیہ قم کی ایک صدی مکمل ہونے پر منتظمین کو مبارک باد پیش کی اور اس عظیم علمی ورثے کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha