حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعة المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے مولانا سید ضیاء الحسن نجفی نے کہا ہے کہ اسلام نظام کامل اور مکمل ضابطہ حیات ہے، جس میں زندگی کے تمام شعبوں کے مسائل کا حل موجود ہے؛ اس میں افراد و تفریط کرنے والوں کی مذمت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہترین معاون و مددگار وہ دنیا ہے جو انسان کی آخرت کو سنوار دے۔ دنیا کے ساتھ انسان کے تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قرآن مجید میں ارشاد ہوتا ہے کہ نیکوکار وہ لوگ ہیںجو دنیا کو آخرت پر قربان کرتے ہیں۔ اس لئے دنیا کا اسیر ہو جانا یعنی دنیا کی خاطر آخرت برباد کر لینا قابل مذمت ہے،واضح رہے کہ دنیا کو آخرت سنوارنے کے لیے سہارا بنایا گیا ہے اور یہ تعلیمات قرآن اور سیرت اہل بیت علیہم السلام کے عین مطابق ہے۔
مولانا ضیا الحسن نجفی نے واضح کیا کہ زیارت امام حسین علیہ السلام ہمارے مکتب کی اساس ہے اور ہم اس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ مکہ اور مدینہ کے بعد کربلا و نجف ہماری عقیدت کے مراکز ہیں۔جن لوگوں نے بھی زیارت امام حسین علیہ السلام کا راستہ روکنے کی کوشش کی وہ مٹ گئے، لیکن زیارت کا سفر آج بھی رواں دواں ہے۔
انہوں نے کہا اربعین پر عاشقان امام حسین علیہ السلام کی نجف سے کربلا سفر عشق تشیع کی عظمت اور قوت کا اظہار ہے۔جسے ہر بار مختلف بہانوں سے روکنے کی کوشش کی گئی، مگر وہ کبھی اس میں کامیاب نہیں ہوں گے۔









آپ کا تبصرہ