حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اربعین حسینی کے بابرکت موقع پر موکب بقیۃ اللہ، جو طلابِ مغربی بنگال (ہند) مقیم نجف اشرف کے زیر اہتمام قائم ہے، زائرینِ حسینی کی شب و روز خدمات میں سرگرمِ عمل ہے۔ نجف اشرف میں شارحِ مدینہ کے قریب عمود 55 پر واقع یہ موکب ہر لمحہ خدمتِ زائرین کا عملی نمونہ پیش کر رہا ہے۔

اس موکب میں تقریباً 30 سے زائد باہمت و مخلص طلاب مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ روزانہ دو اوقات، دوپہر اور شام، میں تقریباً تین ہزار سے زائد زائرین کے لئے اعلیٰ معیار کا غذائی انتظام کیا جاتا ہے، جبکہ ہر وقت پینے کے لئے ٹھنڈا پانی اور مختلف اقسام کے شربت مہیا کیے جاتے ہیں۔

موکب کے خادم، مولانا شیخ عابدین حسین جو تقریباً 15 سال نجف اشرف میں زیر تحصیل ہیں نے حوزہ نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ: ہم طلابِ مغربی بنگال ہند مقیم نجف اشرف کے لئے یہ اعزاز ہے کہ ہم 2016 سے مسلسل اربعین حسینی، 28 صفر اور دیگر دینی و مذہبی مناسبتوں پر اس موکب کے ذریعے زائرین کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ یہ خدمت ہمارے لئے صرف ذمہ داری نہیں، بلکہ ایک سعادت اور افتخار ہے۔

اسی ضمن میں، مولانا شیخ مصطفی حسین نے کہا کہ اربعین کے دوران علماء کی عملی شرکت اور خدمات نہ صرف زائرین کے لئے سہولت کا باعث ہیں بلکہ یہ ان کے لئے ایک روحانی رہنمائی کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔

شیخ شبیہ الحسن نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا: زائرینِ حسینی کی خدمت دراصل امام حسین علیہ السلام کے پیغامِ ایثار، قربانی اور محبت کو عملی طور پر پیش کرنا ہے، اور اس مشن کا حصہ ہونا ہمارے لئے دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔

اس موقع مولانا علی عباس نے کہا کہ یہ خدمات صرف مادی ضروریات پوری کرنے تک محدود نہیں بلکہ زائرین کے قلوب میں اربعین کے پیغام کو زندہ رکھنے اور اس کی معنوی فضا کو قائم رکھنے کا ذریعہ بھی ہیں۔
اربعین حسینی کے اس عظیم اجتماع میں موکب بقیۃ اللہ کی خدمات اس بات کا روشن ثبوت ہیں کہ محبتِ امام حسین علیہ السلام سرحدوں سے ماورا ہے اور اخلاص و ایثار کی زبان ہر مومن کے دل میں یکساں طور پر بولتی ہے۔
23:56 - 2025/08/12









آپ کا تبصرہ