۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
زائرین

حوزہ/ ایّام اربعین حسینی کے موقع پر مسلمانوں کے عظیم اجتماع کے انعقاد کے لئے حرم امام رضا(ع) سے وابستہ مجموعہ آستان قدس رضوی ایران اور عراق کے 90 موکبوں پر زائرین کو خدمات فراہم کرے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی آستان قدس رضوی کی کرامت رضوی فاؤنڈیشن ،زائرین کو خدمات فراہم کرنے کی پرچم دارہے اورحرم امام رضا علیہ السلام کے خادموں اور معاونین کی اربعین حسینی کے زائرین کو دی جانے والی خدمات کے لئے رابطہ کار کے طور پر فرائض انجام دے گی ،کرامت رضوی فاؤنڈیشن یہ خدمات فراہم کرنے کا مکمل عزم رکھتی ہے تاکہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی عنایات،خدمتگزاروں اور مخیّر حضرات کی کاوشوں سے اربعین حسینی کے عظیم اجتماع پر زائرین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کویقینی بنایا جا سکے۔

کرامت رضوی فاؤنڈیشن کی جانب سے کی گئی منصوبہ بندی کے مطابق،ایّام اربعین کے موقع پرایران اور عراق میں زائرین کی رفت و آمد کی جگہوں پر موکب لگائے جائیں گےجن میں سے 35 موکب ایران میں اور 55موکب عراق میں لگائے جائیں گے جن کے ذریعہ زائرین امام حسین علیہ السلام کو مختلف خدمات فراہم کی جائیں گی۔

آستان قدس رضوی ملک کے اندر ایران کے مشرق اور شمال مشرقی سرحدی علاقوں سے چہلم امام حسین(ع) کے لئے مشرف ہونے والے زائرین کو خدمات فراہم کرنا شروع کرے گاتاکہ کربلا جانے کا ارادہ رکھنے والے ایرانیوں کے علاوہ پڑوسی ممالک کے زائرین بھی ان خدمات سے مستفید ہو سکیں۔اس سلسلے میں ملک کے مختلف صوبوں میں آستان قدس رضوی کی جانب سے 35موکب لگائے گئے ہیں جن میں قیام کے علاوہ تمام ضروری اشیاء کی فراہمی کی ذمہ داری آستان قدس رضوی اور صوبائی فلاحی مراکزپر ہو گی۔

چہلم امام حسین(ع) کی مناسبت سے مہران،شلچمہ،خسروی،تمرچین،چذابہ،باشماق،ریمدان،دوغارون اور میرجاوہ بارڈر پر 25 موکب اور صوبہ سمنان،صوبہ خراسان جنوبی اور ھمدان میں سرحدی علاقوں کی جانب جانے والے راستوں پر 10 موکب لگائے جائیں گےجن میں آستان قدس رضوی زائرین کو مختلف خدمات فراہم کرے گا۔موبائل ریسٹوریٹ اور موبائل بیکری کے ذریعہ تین ٹائم کا کھانا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قیام اور علاج و معالجہ کی بھی تمام خدمات آستان قدس رضوی کے توسط سے فراہم کی جائیں گی۔ ان ایّام میں پاکستانی زائرین کی کثیر تعداد ایرانی سرحدوں سے داخل ہو کر عراق تشریف لے جاتی ہے ،اس بات کو مدّ نظر رکھتے ہوئے 5 موکب ان زائرین کی میزبانی کے لئے مختص کئے گئے ہیں ،خدمات فراہم کرنے کا یہ سلسلہ صوبہ سیستان و بلوچستان میں واقع میرجاوہ بارڈر سے شروع ہوتا ہے جہاں پر حرم امام رضا(ع) کے خدّام حرم کے سبز پرچم سے پاکستانی زائرین کا استقبال کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستانی زائرین کی رفت و آمد کے راستوں پر بیرجند،قائن اور نھبندان میں بھی ان زائرین کی خدمت کے لئے موکب لگائے گئے ہیں۔عراق میں آستان قدس رضوی کی خدمات عوامی موکبوں کی معاونت سے ہوگی،کرامت رضوی فاؤنڈیشن کی جانب سے ان موکبوں کے لئے ایک انچارج یا رابطہ کار کو مقرر کیا جائے گا جن کے ذریعہ ان کی معاونت کی جائے گی۔

عراق میں 24 موکب کربلا میں ،12 موکب نجف سے کربلا کے راستے میں،5موکب نجف اشرف میں،3 موکب سامرا میں،3 موکب کاظمین میں2 موکب شلچمہ بارڈر پر اور ایک موکب کاظمین سے سامرا کے راستے میں لگایا جائے گا، ان تمام موکبوں کو آستان قدس رضوی کی جانب سے بھرپور معاونت کی جائے گی تاکہ زائرین کو بہترین انداز میں خدمات فراہم کی جا سکیں۔ ان خدمات میں کھانا بنانے کے لئے چاول اور منرل واٹر کی فراہمی شامل ہے جنہیں کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے رابطہ کاروں کے تعاون سے مندرجہ بالا موکبوں کو فراہم کیا جائے گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .